علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے انتخابات کا اگلے ہفتے آغاز

کیمپس میں لااینڈ آرڈر کی بہتر صورتحال کے پیش نظر فیصلہ:وائس چانسلر
علی گڑھ۔ (یو پی) ۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) علی گرھ مسلم یونیورسٹی کے سالانہ انتخابات کا 12 مئی سے آغاز ہوگا۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے یہ بات بتائی۔ یہ امتحانات قبل ازیں شیڈول کے مطابق 7 مئی سے شروع ہونے والے تھے۔ لیکن انہیں کیمپس میں طلبہ کے جاریہ احتجاج کے بعد ملتوی کردیا گیا تھا۔ پروفیسر منصور نے بتایا کہ یونیورسٹی نے کیمپس میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال میں بہتری کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے حالات کو معمول پر لانے کے لیے اقدامات کئے ہیں جس نے طلبہ کے تمام واجبی مطالبات کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے جو کیمپس میں چہارشنبہ کے تشدد سے متعلق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی طلبہ کے مسائل کو سمجھنے اور ان کی مدد کے لیے سینئر فیکلٹی ممبرس پر مشتمل ایک 16 رکنی کوآرڈنیشن کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کی کوئی تجویز نہیں ہے کیوں کہ اس مرحلہ پر صورتحال اس کی اجازت نہیں دیتی ہے اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ یونیورسٹی کیمپس میں معمول کے حالات بحال کرنے اور پرامن ماحول بنائے رکھنے میں مدد کے لیے آگے آئیں۔ پروفیسر منصور نے کہا کہ یونیورسٹی کا امتحانات میں مزید تاخیر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ کیوں کہ اس طرح کے کسی اقدام سے طلبہ کی ایک بڑی تعداد کے کیریئر امکانات خطرہ میں پڑ جائیں گے۔