صنعاء23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے معزول صدر علی عبداللہ صالح ملک سے کسی نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔ ایک مقامی نیوز ویب سائٹ یمن 24 نے الریاض سے ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے اور ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ ان کے یمن سے روانہ ہونے سے متعلق بہت جلد باضابطہ اعلان کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق علی عبداللہ صالح اور ان کے خاندان کے یمن سے انخلاء پر اتفاق کیا گیا تھا لیکن ان کی منزل معلوم نہیں ہے کہ وہ کدھر گئے ہیں۔ علی صالح نے سعودی عرب کی جانب سے حوثی شیعہ باغیوں کے خلاف آپریشن فیصلہ کن طوفان کے خاتمے کے اعلان کے بعد ایک بیان میں اس امید کا اظہار کیا تھا کہ اس سے بحران کے حل کے لیے مذاکرات کی بحالی کی راہ ہموار ہو گی۔ سعودی عرب کی وزارت دفاع نے منگل کو یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف گذشتہ قریباً ایک ماہ سے جاری ”آپریشن فیصلہ کن طوفان” کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی ویڑن نے اپنے نشریے میں واضح کیا تھا کہ آپریشن اب سیاسی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے مگر ضرورت پڑنے پر حوثی باغیوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔