حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ علی آباد میں پیش آئے ایک واقعہ میں ویلڈنگ شاپ کے کاربائیڈ سیلنڈر میں دھماکہ کے نتیجہ میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔ انسپکٹر شاہ علی بنڈہ ٹی سرینواس کے بموجب آج دوپہر فائن ویلڈنگ شاپ میں فیاض اور دیگر ویلڈنگ میں مصروف تھے کہ اچانک کاربائیڈ سیلنڈر میں دھماکہ ہوا جس کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس نے بتایا کہ پرانے شہر کے مصروف ترین علی آباد روڈ پر فائن ویلڈنگ شاپ میں ویلڈنگ کا کام چل رہا تھا کہ دھماکہ میں محمد فیاض اور محمد یونس شدید زخمی ہوگئے۔ وہاں سے گزرنے والے محمد محبوب علی اور اشرف بھی اس کی زد میں آگئے۔ دھماکہ کی آواز کے بعد علی آباد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور شاہ علی بنڈہ پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچ کر زخمیوں کو فوری دواخانہ عثمانیہ منتقل کیا۔ پولیس نے تحقیقات کے لئے سراغ رسانی دستہ کلوز ٹیم کو بھی جائے حادثہ پر طلب کیا اور اِس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کاربائیڈ سیلنڈر ویلڈنگ کے کام میں استعمال کیا جاتا ہے اور اُس میں پریشر سے زیادہ ہونے کے نتیجہ میں دھماکہ ہوا۔