علی اور پلے کی طرح کھیل کو خیرباد کہنا چاہتا ہوں : پیس

بنگلور ۔ 15 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے نمبر ایک ٹینس کھلاڑی لینڈر پیس نے کہا ہے کہ وہ ٹینس کو خیرباد اس طرح کہنا چاہتے ہیں جس طرح عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں پلے اور محمد علی نے کیا ہے ۔ 41 سال کی عمر میں بھی کافی فٹ دکھائی دینے والے پیس کہا ہے کہ 2016 ریو اولمپکس میں ملک کے لئے میڈل حاصل کرنا ایک اعزاز ہوگا اور یہ اولمپکس ہمارے لئے ایک بہترین موقع ہے ۔ پیس کے بموجب جس طرح فٹبال میں پلے اور باکس میں محمد علی نے اپنے کیریئر میں شاندار فتوحات کے ذریعہ ایک نام اور مقام بنایا ہے اسی طرح وہ ہندوستانی ٹینس میں اپنے مقام کو پانا چاہتے ہیں ۔ نیز ریو اولمپکس میں ہندوستان کے لئے میڈل حاصل کرتے ہوئے اپنے کیریئر کو خیرباد کرنا چاہتے ہیں ۔ پیس نے اپنے کیریئر میں 14 گرانڈ سلام خطابات اور اولمپکس میں برونز میڈل حاصل کیا ہے ۔ واضح رہے کہ ان دنوں پیس مشکل حالت سے گذر رہے ہیں کیونکہ ان کی ساتھی ریہا پلائی اپنی دو بیٹیوں کی کفالت کے لئے قانونی لڑائی لڑ رہی ہے ۔