علی الصبح کی ورزش صحت کیلئے زیادہ فائدہ مند

تائیوان ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہم اور آپ اکثر دیکھتے ہیں کہ ورزش یا جاگنگ صرف صبح کے اوقات میں ہی کی جاتی ہے۔ یہاں ہم تذکرہ کریں گے Natural Exercise کا۔ جم میں مختلف سازوسامان کے ساتھ ورزش کرنے والوں کی تعداد اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ ہر ایک گھنٹے کے لئے علحدہ علحدہ بیاچ کے مطابق وقت مقرر ہوتا ہے جس کا سلسلہ رات دیر گئے تک چلتا رہتا ہے۔ جم کی ورزش سے قطع نظر، ہمیں سب سے پہلے صبح جلد اٹھنے کی عادت ڈالنا چاہئے۔ ہر مذہب کے پیروکاروں میں علی الصبح کی عبادت یا پوجا کو بڑی اہمیت حاصل ہے چاہے وہ مسلمان ہو، ہندو ہو، سکھ ہو یا عیسائی۔ صبح کا آغاز عبادت کے ساتھ کرنا بھی صحتمندی کی علامت ہے۔ عبادت سے فارغ ہوکر لوگ مختلف پارکس کا رخ کرتے ہیں۔ علی الصبح چونکہ موسم انتہائی خوشگوار اور آلودگی سے پاک ہوتا ہے اس لئے ورزش یا جاگنگ کے ذریعہ ہمارے جسم میں تازہ ہوا کی زائد مقدار پہنچتی ہے۔ جاگنگ کیلئے صرف معمولی رفتار کی دوڑ لگانی چاہئے اور آپ کے پیر میں ایسے جوتے ہوں جو آپ کے پیر کے لئے بالکل موزوں ہوں۔ بہت زیادہ ڈھیلے یا بہت زیادہ تنگ جوتے آپ کو فائدہ پہنچانے کی بجائے الٹا نقصان پہنچائیں گے۔ دوڑ لگانے کیلئے ایسے مقام کا انتخاب کریں جہاں درختوں کا سلسلہ موجود ہو۔ سورج طلوع ہوتے ہی یا سورج طلوع ہونے سے قبل اپنی جاگنگ اور ورزش (کھلے مقام پر) روک دیں۔ سورج کی بالکل ابتدائی شعاعوں کے زیرسایہ کچھ وقت گزاریں تاکہ آپ کے جسم کو درکار وٹامن ڈی کی مقدار بھی حاصل ہوجائے۔ اب یہ بات لازمی ہیکہ آپ جیسے ہی گھر پہنچیں گے آپ کی بھوک اپنی انتہا پر ہوگی اور آپ اپنا ناشتہ ڈٹ کر کریں گے جو مکھن، ٹوسٹ، آملیٹ یا ابلے ہوئے انڈوں پر مشتمل ہونا چاہئے۔ چائے پینے کیلئے اگر کچھ دیر توقف کیا جائے تو بہتر ہوگا۔