علیگڈھ مسلم یونیورسٹی سے تین کشمیری طلبا معطل

علیگڈھ 12 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) علیگڈھ مسلم یونیورسٹی کے تین کشمیری طلبا کو معطل کردیا گیا ہے کیونکہ انہوں نے مبینہ طور پر حزب المجاہدین کے کمانڈر منان بشیر وانی کیلئے غائبانہ نماز جنازہ پڑھنے کی کوشش کی تھی ۔ منان وانی شمالی کشمیر میں سکیوریٹی فورسیس کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہوگیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ کچھ کشمیری طلبا کیمپس میں کنیڈی ہال کے قریب جمع ہوئے اور انہوں نے برہان وانی کیلئے نماز جنازہ پڑھنے کی کوشش کی تھی ۔ اس کے بعد یونیورسٹی کا اسٹاف اور طلبا یونین کے قائدین وہاں پہونچے اور انہیں روکنے کی کوشش کی ۔ یونیورسٹی کے ترجمان و پروفیسر شافع قدوائی نے یہ بات بتائی ۔ کشمیری طلبا اور طلبا یونین قائدین کے مابین لفظی جھڑپ اور تکرار ہوئی اور پھر بعد میں کشمیری طلبا کو وہاںسے باہر کردیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ بعد میں تین کشمیری طلبا کو یونیورسٹی سے معطل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے واضح کردیا ہے کہ جس کسی سرگرمی کو معمولی بھی قوم مخالف سمجھا جائیگا اسے کیمپس میں برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ طلبا یونین کے صدر فیض الحسن نے بتایا کہ انہوں نے ہمیشہ ہی اظہار خیال کی آزادی کی حمایت کی ہے لیکن قوم مخالف سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔