کراچی ، 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ اسٹار اور ٹسٹ کیپٹن ویراٹ کوہلی نے پاکستان کے ٹاپ امپائر علیم ڈار کے بیٹے حسن ڈار کیلئے ایک ویڈیو پیغام دیا، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ ویراٹ نے اپنے پیغام میں کہا، ’’اسی طرح محنت اور لگن کے ساتھ لگے رہو اور خود پر یقین رکھو‘‘۔ علیم اور ویراٹ اِن دنوں ویسٹ انڈیز میں ہیں جہاں ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 4 ٹسٹ میچوں کی سیریز جاری ہے۔ ویراٹ نے حسن کو کہا کہ جب بھی علیم ڈار ہندوستان میں کسی میچ کی امپائرنگ کیلئے آئیں تو وہ بھی اُن کے ساتھ آئیں اور ان سے ملاقات کریں۔ انھوں نے حسن کو اپنا دستخط شدہ کرکٹ بیاٹ دینے کا بھی وعدہ کیا۔ 27 سالہ ویراٹ کی صلاحیتوں اور مستقل مزاجی کے باعث پوری دنیا میں اُن کے مداح موجود ہیں اور روایتی حریف ٹیم ہونے کے باوجود بہت سے پاکستانی ویراٹ کو پسند کرتے ہیں جبکہ نئے کرکٹرز اُن کی کامیابی کا راز جاننے کے خواہش مند رہتے ہیں۔ دہلی سے تعلق رکھنے والے رائٹ ہینڈ بیٹسمن کی ونڈے اور ٹسٹ میچزمیں اوسط بالترتیب 51 اور 46 ہے جبکہ وہ ایک ماہر فیلڈر بھی تصور کئے جاتے ہیں۔ ویراٹ کوہلی میڈیا پر بھی کافی سرگرم رہتے ہیں اور دنیا کے چاق و چوبند اتھلیٹس میں سے ہیں۔