دبئی۔ 26 فبروری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے31 رکنی میچ آفیشل کا اعلان کیا جہاں پاکستان کے علیم ڈار افتتاحی میچ میں اپنے فرائض انجام دیں گے۔ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 8 مار چ سے 3 اپریل تک ہندوستان کے مختلف شہروں میں کھیلا جائے گا جو دو مرحلوں پر مشتمل ہے، پہلے مرحلے میں کوالیفائر ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جس کا آغاز 8 مارچ کو زمبابوے اور ہانگ کانگ کے درمیان میچ سے ہوگا۔ زمبابوے اور ہانگ کانگ کے درمیان ہونے والے میچ میں امپائرنگ کے فرائض علیم ڈار اور آئن گولڈ انجام دیں گے جبکہ میچ ریفری ہندوستان کے جواگل سریناتھ ہوں گے۔آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ میچ آفیشلز میں ایلیٹ پینل میں شامل تمام 7 ریفری، 12 امپائر،10 ایمریٹس انٹرنیشنل پینل کے امپائر اور دو ایسوسی ایٹس پینل کے امپائر شامل ہیں۔دوسری جانب آئی سی سی نے ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے پہلی دفعہ دو خواتین امپائروں کو بھی شامل کیا ہے۔8 مارچ کو دومیچ کھیلے جائیں گے، پہلا میچ زمبابوے اور ہانگ کانگ کے درمیان اور دوسرا اسکاٹ لینڈ اور افغانستان کے درمیان ناگپور میں ہی کھیلا جائے گا۔