علیم ڈار سب سے زیادہ میچز کے امپائر بن گئے

لاہور ، 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک اور ریکارڈ علیم ڈار کی جھولی میں آگرا ، پاکستان کیلئے اعزاز کی بات یہ ہے کہ علیم ڈار سب سے زیادہ میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے امپائر بن گئے ہیں۔ تین بار بہترین امپائر کا ایوارڈ لینے والے علیم ڈار کا اگلا نشانہ اپنا کھویا اعزاز واپس لانا ہے۔ جو لوگ علیم ڈار سے ملے ہیں وہ جانتے ہیں کہ پاکستانی امپائر کم بولتے ہیں۔ جو نہیں ملے اُن کیلئے علیم ڈار کی کارکردگی بولتی ہے۔ نیشنل کرکٹر بننے میں ناکامی میں بھی علیم ڈار نے کامیابی ڈھونڈی۔ 32 سال کی عمر میں امپائرنگ میں قدم رکھا پھر ایسے قدم جمائے کہ آج سب سے زیادہ میچز کرانے والے امپائر بن گئے ہیں۔ 332 میچز کرا کر علیم ڈار نے جنوبی افریقہ کے روڈی کرٹزن کے 331 میچز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ علیم ڈار نے 2009ء میں سائمن ٹافل کی پانچ سالہ حکمرانی کا سورج غروب کیا اور پھر تین بار بہترین امپائر کا تمغہ سینے پر سجایا۔ حکومت پاکستان نے علیم ڈار کو تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا۔ علیم ڈار کیلئے سب اہم ہدف بہترین امپائر کا کھویا ہوا اعزاز واپس لینا ہے۔