علیحدہ ٹرین حادثات میں دو افراد ہلاک

حیدرآباد /24 جنوری ( سیاست نیوز ) نامپلی ریلوے پولیس حدود میں پیش آئے دو علحدہ ٹرین حادثات میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ نامپلی ریلوے کے مطابق 29 سالہ رستم علی جو پیشہ سے مزدور تھا اور چندری کرناٹک علاقہ کے ساکن اصغر علی کا بیٹا بتایا گیا ہے کل یہ شخص فتح نگر اور صنعت نگر ریلوے اسٹیشن کے درمیان پیش آئے ٹرین حادثہ میں ہلاک ہوگیا ۔ جو ٹرین کی پٹریوں کو عبور کرنے کی کوشش میں تھا ۔ ریلوے پولیس کے مطابق 4 سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی اور اس کا تین سالہ لڑکا ہے جو اس کی بیوی کے ساتھ رہتا ہے 2 سال قبل گھریلو جھگڑوں کے بعد رستم علی کی بیوی انجم بیگم اپنے مائیکے چلی گئی تھی ۔ دوسرے ٹرین حادثہ میں جو حفیظ پیٹ اور چندا نگر کے درمیان ریلوے لائین پر پیش آیا 22 سالہ سنتوش جگناتھ ہلاک ہوگیا ۔ یہ شخص پیشہ سے میکانک تھا جو چندرائن گٹہ علاقہ کا ساکن تھا ۔ جس کا آبائی مقام لاتور مہاراشٹرا بتایا گیا ہے ۔ ریلوے پولیس نامپلی نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔