علیحدگی پسندوں نے ہیلی کاپٹرمارگرایا،14فوجی ہلاک

کیف ۔ 31 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مشرقی یوکرین میں روس نواز علیحدگی پسندوں نے ایک ہیلی کاپٹرمارگرایا جس کے نتیجہ میں ایک جنرل سمیت 14 فوجی مارے گئے۔ یوکرین کے قائم مقام صدر اولیگزینڈر ترکینوف نے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران بتایا کہ علیحدگی پسندوں نے سلاویانسک کے قریب روسی ساختہ ہتھیاروں کی مدد سے فوجی ہیلی کاپٹر مارگرایا ہے جس کے نتیجہ میں جنرل ولادی میر کلکی سکیف سمیت 14 فوجی مارے گئے ہیں۔قبل ازیں علیحدگی پسندوں کی طرف سے بھی یوکرین کا فوجی ہیلی کاپٹر مارگرانے کا دعوی کیا گیا تھا۔ علیحدگی پسندوں کے ترجمان کے مطابق سلاویانسک میں فوجی دستوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران کئی مکانات کو آگ لگ گئی ہے اور علاقے میں شدید جھڑپیں بدستور جاری ہیں۔دوسری جانب روسی نواز عسکریت پسندوں نے 4یو رپی مبصرین کے اپنی حراست میں ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ چاروں مبصرین کو جلد رہا کر دیا جائے گا۔ علیحدگی پسند گروپ کے سربراہ ویاچیزلے پونو ماریوف نے کہا کہ مبصرین کو اس علاقے میں سفر سے منع کیا گیا تھا۔