نارائن پیٹ /16 جون ( راست ) ماڈرن ہائی اسکول نارائن پیٹ میں خواتین کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالمہ ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل و شیخ الحدیث جامعتہ المومنات نے کہا کہ عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کا سیکھنا ضروری ہے ۔ دینی تعلیم حاصل کرنے والی اولاد اپنے والدین کی نجات کا ذریعہ ہیں علم دین کا حاصل کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر لازم و فرض ہے ۔ ضرورت کے مطابق تعلیم حاصل کرنا ہر مسلم خواتین پر ضروری ہے ۔ بروز قیامت حافظ قرآن کے سروں پر تاج پہنائے جائیں گے جن کو دیکھ کر لوگ رشک کرتے رہیں گے ۔ حصول علم کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں ۔ تعلیم ماں کی گود سے قبر کی لحد تک حاصل کرسکتے ہیں ۔ عورتیں اسلامی تعلیمات پر سختی سے عمل پیرا ہوں ۔ اس میں دنیا و آخرت کی کامیابی نصیب ہوگی ۔ ایک تعلیم یافتہ عورت ایک خاندان کو سدھارنے کا ذریعہ بنتی ہے ۔ علم نور ہے گہنگاروں کو حاصل نہیں ہوتا ۔ علم کے ذریعہ جہالت کا خاتمہ ہوتا ہے ۔ علم کے ذریعہ انسان کے درجات بلند ہوتے ہیں ۔ جلسہ کا آغاز حافظ سمیرہ خاتون کی قرات ، قاریہ رمضیاء افشاں کی نعت شریف سے ہوا ۔ مفتیہ سیدہ غوثیہ شاہد معلمہ جامعتہ منات نے کہا کہ عورتوں کو چاہئے کہ وہ زبان کی حفاظت کریں غیبت ، چغلی سے اپنے آپ کو بچائیں ۔ جھوٹ تمام برائیوں کی جڑ ہے حضور ﷺ نے فرمایا جھوٹ رزق کم کم کرتا ہے اور حدیث مبارکہ میں ہے جھوٹ چہرہ کو سیاہ کردیتی ہے ۔ مسلم خواتین کو چاہئے کہ اصلاح معاشرہ کی طرف راغب ہونا گناہوں سے اجتناب کرنا بے حد ضروری ہے ۔ مفتیہ رقیہ فاطمہ معلمہ جامعتہ المومنات نے کہا کہ اسلام میں انفاق فی سبیل للہ کی بہت زیادہ اہمیت ہے زکوۃ اسلام کا اہم رکن ہے اس کا منکر کافر ہے اور جو لوگ اپنے اموال کی زکوٰۃ نکالتے ہیں اللہ تعالی ان کے مال کی حفاظت کرتے ہیں ۔ مفتیہ فرح ناز ہاشمی مومناتی نے کہا کہ حضور ﷺ ماہ شعبان سے رمضان المبارک کا استقبال کرتے تھے ۔ کثرت سے روزے رکھتے تھے ۔ مفتیہ سمیرا خاتون معلمہ جامعتہ المومنات نے کہا کہ قرآن مجید کی فضیلت و اہمیت کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کی تلاوت افضل ترین عبادت ہے ۔ قرآن مجید اللہ کی آخری کتاب ہے جو ہمارے نبی ﷺ پر نازل ہوئی جس کا دیکھنا پڑھنا ، چھونا ، سب عبادت میں شامل ہے ۔ مفتیہ شاہین بیگم معلمہ جامعتہ المومنات نے خواتین و طالبات پر زور دیا کہ وہ ماہ رمضان کی قدر کرتے ہوئے عبادتوں میں گذاریں دعاو سلام پر اجتماع کا آختتام عمل میں لایا گیا ۔