علم کے بغیر دین و دنیا کی ترقی ممکن نہیں

اوٹکور /31 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مدرسہ فیض الھدی اوٹکور کا سالانہ جلسہ زیر صدارت جناب احمد خان ، یوسف زئی ناظم ضلع جماعت اسلامی منعقد ہوا ۔ مہمان مقرر جناب محمد خواجہ پاشاہ ناظم ضلع جماعت اسلامی ضلع رنگاریڈی نے کہا کہ اللہ تعالی نے علم کی بنیاد پر ہی انسان کو اپنے خلیفہ کے منصب پر جائز کیا لہذا ہم علم کے حصول کے ذریعہ ہی خیر الامت کا حق ادا کرسکتے ہیں ۔ مولانا شمیم حیدر امیر مقامی جماعت اسلامی رائچور نے کہا کہ تعلیم کا حصول ہماری ذات وجود وقار ترقی اور زندگی کیلئے انتہائی ضروری ہے ۔ چونکہ علم کے بغیر دین و دنیا کی کچھ بھی ترقی حاصل نہیں ہوسکتی ۔ مہمان مقرر نے اٹکور میں مدرسہ فیض الھدی ( شعبہ حفظ ) کے قیام پر مسرت کا اظہار کیا ۔ جناب محمد عظیم رکن جماعت اسلامی نے اپنے خطاب میں تمام مسلمانوں کو اپنے اعمال صالحہ پر توجہ دلوائی اور کہا کہ اللہ انسان کے جسم کو اور اس کی شکل و صورت کو نہیں دیکھتا بلکہ ان کے قلوب و اعمال کو دیکھتا ہے ۔ بے عمل انسان بے جان جسم کے ماننند ہے ۔ اعمال صالحہ کی بنیاد پر ہی آخرت میں بہترین صلہ ملتا ہے ۔ اس سے انسان کو عبادتوں سے غافل نہیں ہونا چاہئے ۔ مہمان مقرر جناب عظیم نے سلسلہ خطاب میں کہا کہ دینی مدارس دہشت گردی کے اڈے نہیں بلکہ علم و عمل کی تربیت گاہیں ہیں ۔ جہاں پر طلباء کو علم کے زیور سے آراستہ کیا جاتا ہے ۔ دینی معلومات کے ذریعہ ان کی زندگی کو سنوارا جاتا ہے تاکہ وہ آخرت میں خدا کو منہ دکھاسکیں ۔ دینی مدارس ایسے تعلیم کے گہوارے ہیں جہاں ہم قرآن و سنت کی تعلیم دی جاتی ہے ۔ اپنے بچوں کو دینی درسگاہوں میں داخل کرنا عصر حاضر کا اہم تقاضہ ہے ۔ شہ نشین پر جناب عبدالخالق کلوال امیر مقامی جماعت اسلامی جناب کاظم حسین صابر ضلع ایم پی جے ، محمد ابراہیم مکتھل صدر کمیٹی مدرسہ فیض الھدی ، جناب م حبوب علی رنگریز ، صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد پنچ موجود تھے ۔ جلسہ عام میں مدرسہ فیض الھدی کے طلباء نے تعلیمی مظاہرہ پیش کیا ۔ جلسہ کا آغاز قرآت کلام پاک سے ہوا ۔ نظامت کے فرائض حافظ افتخار احمد نے انجام دئے ۔