کوہیر جونیر کالج کے طلبہ سے جناب عامر علی خاں کا خطاب
کوہیر۔/7فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب عامر علی خان نیو ز ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ حیدرآباد نے کوہیر منڈل کا دورہ کرتے ہوئے کوہیر منڈل مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام12 فیصد مسلم تحفظات مسئلہ پر کوہیر تحصیل آفس پر ایک زبردست احتجاجی دھرنا منعقد کیا گیا۔اس کے علاوہ جناب عامر علی خان نے کوہیر جونیر کالج کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر طلباء اور طالبات نے جناب عامر علی خان کی آمد پر ان پر گلاب کے پھول برساتے ہوئے ان کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے جناب عامر علی خان نے بتایا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم پر جب پہلی وحی نازل ہوئی تب اللہ سبحانہ تعالیٰ نے ’ اقراء ‘ کے لفظ سے آغاز فرمایا اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ علم کی اہمیت و افادیت کیا ہے۔ علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان مرد ہو یا عورت پر فرض ہے، علم ایک روشنی ہے اور جاہلیت اندھیرا۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ علم کونسا بھی ہو اس میں اچھی طرح مہارت حاصل کرنا چاہیئے اور اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی خدمت کرنا چاہیئے۔ اس موقع پر جناب عامر علی خان نے کوہیر جونیر کالج کے طلباء کیلئے لیاب ٹیکنیشن ٹریننگ سنٹر قائم کرنے کا تیقن دیا اگرچہ کوہیر گرام پنچایت اراضی فراہم کرتی ہے جس پر عرشیہ کلیم سرپنچ نے اراضی فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ اس موقع پر سال دوم اور سال اول انٹر میڈیٹ کے طلباء نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’سیاست‘ اخبار نہیں بلکہ مسلمانوں کی آواز بنگیا ہے۔ 12 فیصد تحفظات کے مسئلہ کو لیکر گاؤں گاؤں قریہ قریہ جاکر عوام میں شعور بیداری کی جارہی ہے تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو تحفظات سے فائدہ حاصل ہوسکے۔ اس کے علاوہ سیاست اخبار کی بہت ساری خدمات ہیں ان خدمات کی سراہنا کی گئی ۔ اس موقع پر طالبات نے ان کے لئے نماز گاہ قائم کرنے کی درخواست پیش کی۔ اس موقع پر محمد عبدالوحید کوہیر ٹاؤن صدر ٹی آر ایس پارٹی، شیخ جاوید نائب صدر نشین، محمد اسلم زید، محمد واجد زید، محمد جلیل الفردوس، فردوس، محمد طاہر علی، یوسف پٹیل، زبیر، فیصل، محمد عقیل احمد کے علاوہ انچارج پرنسپل اور لکچرر موجود تھے۔