ناگرکرنول ۔ 26 ۔ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) علم کے سبب انسان کو تمام مخلوقات پر فضیلت حاصل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد رضی الدین نے کیا ۔ احاطہ مدرسہ اسلامیہ فضل العلوم ناگرکرنول میں منعقدہ مدرسہ کے سالانہ جلسے میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے مولانا حافظ محمد رضی الدین ، مولانا حافظ محمد اکرم الدین نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر مولانا حافظ محمد رضی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ تعالی نے انسان کو علم جیسی دولت عطا ء کر کے اسے اشرف المخلوقات ہونے کا اعزاز بخشا ۔ انہوں نے اس موقعہ پر علم و مدارس کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں یہاں پر اللہ تعالی کی رحمتیں و برکتیں نازل ہوتی ہیں ۔ انہوں نے علم دین کے ان مراکز کی قدر کرنے اور یہاں پر زیرتعلیم طلباء کو عزت کی نگاہوں سے دیکھنے کی عامۃ المسلمین کو تاکید کی ۔ صدر مدرسہ کمیٹی جناب الحاج محمد علی نے جلسے کی صدارت کی ، نائب صدر جناب محمد جعفر نے نگرانی کی ۔ معتمد کمیٹی جناب سید رفیع الدین نے آمدنی و اخراجات کی سالانہ رپورٹ پیش کی ۔ حافظ محمد ارشاد عالم نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ اس موقع پر ذمہ داران مدرسہ جناب سید شہاب الدین ، خازن کمیٹی جناب یوسف ، مولانا نورالاسلام ، محمد عبدالعلیم ( بابو ) محمد عبدالمجید ( بابا ) خازن مساجد کمیٹی جناب محمد عبدالرحیم ، سید رفیق نائب صدر وقف کامپلکس کمیٹی جناب سید شکیل کے علاوہ عامتہ المسلمین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ قبل ازیں مدرسے کے طلباء و طالبات نے نعتیہ ، تقریری و مکالمات کے مظاہرے پیش کئے اس موقع پر مدرسے سے فارغ ہونے والے حفاظ کرام حافظ محمد پرویز حسین ، حافظ محمد غوث کی دستار بندی و عطائے خلعت کے ساتھ گلپوشی کی گئی ۔