علم دین کا سکھانا ، ثواب جاریہ

محبوب نگر میں جلسہ ، مولانا محمد محی الدین قادری کا خطاب
محبوب نگر /5 اگست ( اسٹیٹ سماچار ) مسلمانوں کو چاہئے کہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی علوم بالخصوص اسلام کے واجبات و فرائض کا علم حاصل کریں تاکہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی میں ممد و معاون ثابت ہوسکیں ۔ ان خیالات کا اظہار مفسر قرآن مولانا محمد محی الدین قادری محمودی امیر دعوت اہلسنت و جماعت الھند نے مدرسہ دارالعلوم ، فاروقیہ حبیب نگر ، محبوب نگر میں مرکزی جلسہ آغاز تعلیمی سال نو سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس کی صدارت مولانا محمد غوث پاشاہ شرفی اتم نائب صدر سنی علماء مشائخ بورڈ و متولی درگاہ حضرت برہنہ بادشاہؒ نے کی ۔ مولانا حافظ مفتی محمد عبدالمطلب خضر نقشبندی قادری بانی و ناظم اعلی مدرسہ دارالعلوم فاروقیہ نے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ مدرسہ ہذا میں دینی و عصری اور ہمہ وقتی تعلیم و فنی تربیت مفت فراہم کی جارہی ہے ۔ مسلم علاقہ کے عامتہ المسلمین سے استفادہ کی اپیل کی ۔ مولانا محمد محی الدین قادری نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ فرمان مصطفی ﷺ کے مطابق تین کام ایسے ہیں کہ جس کا اجر و ثواب بعد از مرگ بھی ملتا ہے ، علم دین کا سکھانا ، اولاد کا نیک ہونا ، کار خیر انجام دینا ۔ مولانا حافظ سید بختیار الدین انصار نے کہا کہ جہاں قرآن و حدیث کی تعلیم ہوتی ہے وہاں اللہ کی رحمت نازل ہوگی ہے ۔ اس موقع پر مولانا زبیر علی ، مولانا ریحان قادری مولانا وارث پاشاہ شرفی نے بھی علم دین کے فضائل اور شرعی احکامات پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی جنرل سکریٹری کل ہند جمعیتہ المشائخ شاخ ضلع پر مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی جنرل سکریٹری کل ہند جمعیتہ المشائخ شاخ ضلع محبوب نگر ، مولانا حافظ محمد عثمان قادری وزیری نواب قیصر الدین خان ، مولانا حافظ سید نعیم الدین نقشبندی ، مولانا حافظ خواجہ معین الدین نقشبندی ، محمد عبدالخلیل ، ڈاکٹر محمد عبدالمنان ، محمد عنایت اللہ شریف ، محمد افضل ، پرنسپل جہانگیر پیراں آئی ٹی آئی ، مولانا حافظ سید مدثر ، ناظم جلسہ مولانا حافظ محمد چاند پاشاہ نقشبندی وغیرہ نے شرکت کی ۔ نعت شریف جناب محمد عبدالسلام نے پیش کی ۔ جناب محمد عبدالباری وقار نے شکریہ ادا کیا ۔