ناگپور ۔ 27 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام): کسانوں کے حقوق کی تنظیم ودربھا جن اندولن سمیتی نے آج علحدہ ریاست ودربھا کے مسئلہ کو مرکز سے رجوع کرنے میں ناکامی پر چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے جب کہ صدر بی جے پی امیت شاہ نے حال ہی میں یہ بیان دیا ہے کہ پارٹی نے کبھی بھی علحدہ ودربھا کی تشکیل کا وعدہ نہیں کیا ۔ کسان گروپ کا مطالبہ ہے کہ بی جے پی کی مرکزی قیادت کو علحدہ ودربھا کی تشکیل کے لیے قائل کروانے میں ناکامی پر چیف منسٹر فڈنویس وزیر فینانس سدھیر منگیتوار اور مرکزی وزیر نتن گڈکری استعفیٰ دیں ۔ جب کہ بی جے پی کے انتخابی منشور میں علحدہ ریاست کی تشکیل وعدہ کیا گیا تھا ۔ جب کہ میڈیا کے ایک گوشہ نے امیت شاہ کے حوالے سے یہ خبر شائع کی ہے کہ بی جے پی نے کبھی علحدہ ودربھا کا وعدہ نہیں کیا ۔ جس پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے علحدہ ودربھا کے حامی قائدین ایڈوکیٹ شری ہری انیے ، ایڈوکیٹ مکیش سمراٹ ، اومیش چوبے ، سابق ڈائرکٹر جنرل پولیس پرابیر چکرورتی نے امیت شاہ پر تنقید کی ہے اور بتایا کہ امیت شاہ اس بات سے لا علم ہے کہ بی جے پی نے بھوبنیشور کے اجلاس میں ودربھا کی تائید میں ایک قرار داد منظور کرچکی ہے ۔