علحدہ واقعات میں 2افراد ہلاک

کلواکرتی۔/29جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی میں دو افراد علحدہ حادثات میں ہلاک ہوگئے جن میں ایک نامعلوم شخص کی مشتبہ موت ہوئی۔ آج صبح بس اسٹانڈ سے متصل موجود شراب کی دکانات کے پاس بہت سارا خون اور دو عدد پتھر پڑے ہوئے تھے جس کے سبب عوام میں تشویش پیدا ہوگئی۔جانچ پڑتال کرنے پر خون کے نشانات سامنے موجود سیڑھیوں سے چھت تک ملے جہاں پر ایک شخص مردہ پایا گیا۔ جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی۔ایس آئی ویرا بابو ، سی آئی بکچا پتی نے جائے واقعہ پہنچ کر تنقیح کا کام شروع کیا۔ شام تک بھی اس شخص کی موت کی وجوہات معلوم نہ ہوسکی۔ پولیس کے مطابق کیس درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ دوسرے واقعہ میں ایک شادی شدہ عورت نے شوہر سے جھگڑے سے تنگ آکر تالاب میں کود کر خودکشی کرلی۔ محلہ اندرا نگر کی رہنے والی22سالہ انتیتا کے گھروالوں کے مطابق کل شام میاں بیوی نے شراب نوشی کی اسی دوران آپس میں ان کا جھگڑا ہوا۔ شوہر نے بیوی کو مار پیٹ کی جس کے سبب انتیتا بغیر اطلاع گھر سے نکل گئی اور تالاب میں گر کر خودکشی کرلی۔جسے دو لڑکیاں ہیں۔ اے ایس آئی شنکریا نے جائے واقعہ پہنچ کر نعش کو پانی سے نکلواکردواخانہ منتقل کیا۔

لاپتہ نوجوان کی نعش دستیاب
کوٹگیر۔ /29 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) 21سالہ کمری ناگا راجو تین دن قبل بیرکور منڈل سے لاپتہ ہوگیا تھا، کل اس کی نعش نظام ساگر تالاب سے برآمد ہوئی۔ اے ایس آئی بیرکور پولیس اسٹیشن جناب عبدالمجید خاں کے بموجب ناگاراجو انٹر میڈیٹ میں ناکام ہونے کے بعد گاؤں میں بے کار گھوم رہا تھا ۔ ماں باپ کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہوکر اپنے بڑے بھائی کی موٹر سیکل لیکر تین دن قبل لاپتہ ہوگیا تھا۔ اس کے باپ نے ناگا راجو کے لاپتہ ہونے کی پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔ نظام ساگر پولیس ناگا راجو کی موت کو خودکشی واقعہ قراردے کر تحقیقات کاآغاز کردیا۔