حیدرآباد ۔ /22 جولائی (سیاست نیوز) لکڑی کا پل سنٹرل کورٹ ہوٹل میں رات دیر گئے مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد ہوٹل میں موجود افراد میں افراتفری مچ گئی ۔ آگ پر قابو پانے کیلئے شہر کے فائر اسٹیشنوں سے وابستہ تین فائر انجنوں کو جائے حادثہ پر طلب کرلیا گیا اور چار گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا ۔ آگ لگنے کے واقعہ کے وقت ہوٹل کے کمروں میں 45 افراد موجود تھے اور انہیں کامیاب طور پر فائرانجن عملہ نے باہر نکال لیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
ہوٹل میں موجود افراد نے یہ الزام عائد کیا کہ آگ لگنے کے واقعہ کی اطلاع ہوٹل انتظامیہ نے انہیں تاخیر سے دی اور انہیں وہاں سے بچ نکلنے میں دشواریاں پیش آئیں ۔ الزام عائد کیا گیا کہ آگ پر فوری قابو پانے کیلئے ہوٹل میں کوئی احتیاطی اقدامات موجود نہیں تھے ۔ پولیس سیف آباد نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔