روزگار فراہمی پر اولین توجہ، یوم جمہوریہ کے موقع پر جناب قمرالاسلام کا خطاب
شاہ آباد۔/27جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حیدرآباد کرناٹک علاقہ میں بے روزگاری کے مسئلہ کی یکسوئی کیلئے 9434 امیدواروں کے تقررات حال ہی میں کئے گئے۔11734 عہدوں کے تقررات آخری مراحل میں ہیں۔ ضلع نگرانکار وزیر ڈاکٹر قمرالاسلام نے پولیس گراؤنڈ میں منعقدہ ملک کے 67ویں یوم جمہوریہ پروگرام میں پرچم کشائی انجام دینے کے بعد اپنے خطاب میں یہ بات کہی۔ جناب قمرالاسلام نے کہا کہ ریاستی کانگریس سرکار نے عوام سے جو وعدے کئے تھے اس کے لئے سدارامیا حکومت مسلسل کوشاں ہے حیدرآباد کرناٹک علاقہ کو ترقی دینے اور اس کی اہمیت کیلئے بڑی جدوجہد کے بعد اس علاقہ کو خصوصی مقام عطا کیا گیا اور آرٹیکل 371(J) کے تحت کئی ایک مراعات و تحفظات حاصل ہوئے ہیں جو اس علاقہ کی بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے قائم محکمہ اقلیتی امور کو ایک کارکرد محکمہ میں تبدیل کردیا گیا۔ ملک کی 67ویں جشن جمہوریہ تقریب کے ضمن میں پریڈ کمانڈر آر پی آئی ہریش چندر نائیک کی قیادت میں پولیس ڈی اے آر کے ایس آر پی، ہوم گارڈ، ایکسائیز، فائر بریگیڈ کے دل نے سلامی دی۔ این سی سی، بھارتی سیوا دل، اسکاٹس اینڈ گائیڈس اور پولیس سمیت جملہ 14ٹیموں کی جانب سے وزیر مصوف نے سلامی لی۔ رنگارنگ پریڈ کرنے والوں میں بوائز این سی سی ٹیم کو انعام اول اور نابینا سرکاری ہائی اسکول کے بچوں کی ٹیم کو دوسرا نعام حاصل ہوا۔ اس موقع پر مجاہد آزادی شیام راؤ کلکرنی ساکن پرسگی اور بسکا پٹیل، برناکمیی کو تہنیت پیش کی گئی۔ ضلع گلبرگہ شریف کے سال2016 کے سروتم سیوا ایوارڈ کیلئے الند شریف تعلقہ کے وٹرنری محکمہ کے سنجے راؤ، زرعی محکمہ کے ڈپٹی ڈائرکٹر محمد پٹیل، گلبرگہ کارپوریشن کے انوائرنمنٹ انجینئر ابھئے کمار، چیتا پور فارسٹ آفیسر سنیل کمار چوہان اور ہرے ساولگی پرائمری ہیلت مرکز کی جونیر ہیلتھ اسسٹنٹ یشونت راؤ کرنگی کو اور افضل پور تعلقہ کے ماشل گرام پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسر ایم جی پرانکر کو قمرالاسلام نے ایوارڈ پیش کرکے تہنیت دی۔ اس موقع پر گلبرگہ شہر کے کئی اسکولوں کے 1275 طلبہ نے کلچرل پروگرام پیش کیا۔ اس موقع پر رکن قانون ساز کونسل بی جی پاٹل مسٹر بھیم ریڈی پاٹل کرکنٹلا، علاقائی کمشنر راملن آدتیہ بسواس، آئی جی پی شیوکمار، ڈپٹی کمشنر ویل بنسل، ضلع ایس پی امیت سنگھ، ضلع پنچایت سی ای او انیرودھ، شراون بی اور اے ایس پی پی مہانیش اور دیگر نے شرکت کی۔
کریم نگر میں کل مفت میگا طبی کیمپ
کریم نگر۔/27جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں جمعہ کی صبح 9 بجے تا دوپہر ایک بجے مفت میگا طبی کیمپ منعقد کیا جائے گا۔ ضلع کلکٹر نیتو پرساد نے ایک صحافتی بیان میں یہ بات بتائی، تمام سرکاری دفاتر کے ضلع عہدیداران، سرکاری ملازمین سے میگا مفت طبی کیمپ سے استفادہ کرنے کی ضلع کلکٹر نے ایک صحافتی بیان میں خواہش کی ہے۔