علاقائی پارٹیوں کی اہمیت کا دور ختم

پٹنہ۔ 21 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا اور ہریانہ کے انتخابی نتائج سے ظاہر ہوگیا ہے کہ علاقائی پارٹیوں کی اہمیت کا دور ختم ہوچکا ہے۔ بی جے پی قائد سشیل کمار مودی نے آج کہا کہ آئندہ سال بہار اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی(بی جے پی) ایل جے پی اور آر ایل ایس پی کے ساتھ اتحاد کے ذریعہ انتخابات میں حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی جماعتوں کی اہمیت کا خاتمہ قومی سطح کا نمونہ ہے۔ انہوں نے اس بات سے اتفاق نہیں کیا کہ علاقائی پارٹیاں بی جے پی کے ایجنڈہ کی وجہ سے ختم ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا ایجنڈہ کانگریس کی ملک میں غالب سیاسی طاقت کی حیثیت کو ختم کرنا تھا۔ وہ اپنی حلیف پارٹیوں کو بیچ منجدھار میں تنہا چھوڑنے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتی۔ ہریانہ، مہاراشٹرا میں جو کچھ ہوا، یہ ایک منفرد واقعہ ہے، ہریانہ جن ہت پارٹی اور شیوسینا سے اتحاد ہریانہ اور مہاراشٹرا میں بی جے پی نے ختم نہیں کیا۔مرکزی وزراء رام ولاس پاسوان اور اوپیندرا کشواہا اب بھی مرکزی کابینہ میں شامل ہیں۔