علاج کے لئے اسپتال جانے کے دوران کڑپہ میں حادثہ

مریض اور اس کی بیوی موقع پر ہی ہلاک
حیدرآباد ، 28جون(یواین آئی ) علاج کے لئے اسپتال لے جانے کے دوران آندھراپردیش کے ضلع کڑپہ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں مریض اور اس کی بیوی ہلاک ہوگئے اور دیگر تین افراد زخمی ہوگئے ۔ یہ حادثہ کل شب کڑپہ ضلع کے ٹول گیٹ کے قریب پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق پرکاشم ضلع کے بیستا واری پیٹ کے رہنے والے مستان راو کو صحت کی خرابی پر بنگالورو کو علاج کے لئے بذریعہ کار لے جایاجارہا تھا ۔کار میں مستان راو کے ساتھ ساتھ ان کی اہلیہ بھاگیہ لکشمی اور دیگر پانچ رشتہ دار بھی سوار تھے ۔بنگالوروجانے کے دوران کڑپہ میں ٹول گیٹ کے قریب کار کا ٹائر پنکچر ہوگیاجس کے ساتھ ہی کار کے ڈرائیور نے اس کا تواز ن کھودیا اور یہ کار ، سڑک کے کنارے ٹہری ہوئی لاری سے ٹکر اگئی۔اس حادثہ میں مریض مستان راو ، ان کی اہلیہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور ان کے دیگر تین رشتہ دار شدید زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو علاج کے لئے رمس اسپتال منتقل کردیاگیا۔اس حادثہ میں کار کوشدید نقصان پہنچا ۔زخمیوں کی شناخت سریش ،پرسادسمیت کار کے ڈرائیور بالاراجو کے طورپر کی گئی ہے ۔اطلاع ملتے ہی پولیس مقام حادثہ پر پہنچی جس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔