علاج کیلئے مدد کا جھانسہ دے کر 5ہزار ہڑپنے والے دو افراد گرفتار

حیدرآباد۔/21فبروری، ( سیاست نیوز) پریشان حال شخص سے بیٹے کے علاج میںمدد کرنے کا جھانسہ دے کر 5ہزار روپئے ہڑپنے والے دو افراد کو سائبر کرائم پولیس نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 45سالہ جی کمار اور 24سالہ ایم پروین کمار ساکن پٹن چیرو ضلع میدک کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ایک پریشان حال شخص جس نے اپنے بیٹے کے علاج کیلئے امداد کا اخبار میں اشتہار دیا تھا اس کو بنیاد بناکر ان دو بدمعاشوں نے اس شخص سے 5ہزارروپئے ہڑپ لئے۔ 4فبروری کو شکایت گذار نے اپنے 12سالہ لڑکے کے علاج میں امداد کی اپیل کی تھی جس پر ان دو افراد نے فون کرتے ہوئے شکایت گذار کو اپنی باتوں کا شکار بنایا۔ ایک نے اپنے آپ کو سی ایم آفس کا ملازم ظاہر کرتے ہوئے ہمدردی کی باتیں کیا اور سی ایم ریلیف فنڈ کے ذریعہ ایک لاکھ روپئے کی امداد کروانے اور بڑے ہاسپٹل میں علاج کروانے کی پیشکش کی جبکہ دوسرے دن ان بدمعاشوں نے پھر فون کیا اور ضروری کارروائی کیلئے 5ہزار روپئے بینک کھاتہ میں جمع کرنے کا مشورہ دیا۔ پریشان حال شخص جو اپنے بیٹے کے علاج کیلئے بے چین تھا 5ہزار روپئے بینک کھاتے میں جمع کروائے اور دوسرے دن اپولو ہاسپٹل اپنے بیمار بچے کو لے کر پہنچا اور وہاں تذکرہ کیا۔ ہاسپٹل کے اسٹاف نے سی ایم ریلیف فنڈ سے متعلقہ فہرست دیکھنے کے بعد کہا کہ اس میں اس بیمار بچے کے تعلق سے کوئی اطلاع نہیں ہے جس کے بعد اس شکایت گذار نے دو تا تین فون نمبروں پر ربط کرنے کی کوشش کی جو مسلسل بند تھے اور اس کے بعد سائبر کرائم پولیس سے شکایت کردی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔