علاج و پریشانیوں کو دور کرنے کا جھانسہ ، خودساختہ نجومی گرفتار

13 لاکھ روپیوں کی ادائیگی ، نفسیات سے کھلواڑ ، رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /4 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) علاج اور پریشانیوں کو دور کرنے کا جھانسہ دیکر لاکھوں روپئے ہڑپنے والے ایک خودساختہ نجومی کو رچہ کنڈہ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 19 سالہ آکاش بھارگو جو جالندھر پنجاب کا ساکن ہے ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران اس شخص کو گرفتار کرلیا تھا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس رچہ کنڈہ پولیس مسٹر سدھیر بابو نے بتایا کہ آکاش بھارگو جالندھر کو مقامی عدالت میں پیش کرنے کے بعد رچہ کنڈہ نے حیدرآباد منتقل کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ رامنتاپور علاقہ کی ساکن جانکی نامی خاتون بھارگو سے ویب سائیٹ کے ذریعہ رجوع ہوئی ۔ اس خاتون کے فرزند جس کی عمر 40 سالہ بتائی گئی ہے ۔ ان دنوں پریشانیوں کا شکار ہے ۔ گھریلو تنازعات اور دفتر کے معاملات میں اس قدر الجھ گیا ہے کہ وہ انہیں تناؤ کا شکار ہوگیا اور اس دوران اس خاتون کے لڑکے کی ملازمت بھی چھوٹ گئی تھی ۔ اس پریشانی کے عالم میں اس نے بہ ذریعہ انٹرنیٹ ایک نجومی سے رابطہ ریاست پنجاب کے جالندھر سے تعلق رکھنے والا آکاش بھارگو نے اس خاتون کی کمزوری کا فائدہ اٹھایا اور خصوصی پوجا اور عملیات کے نام پر اس نے اس خاتون اور اس کے فرزند سے 13 لاکھ سے زائد رقم ہڑپ لی اور خصوصی پوجا کے نام پر مزید رقم کیلئے دباؤ ڈالتے ہوئے نفسیات سے کھلواڑ کرنے لگا تھا ۔ اس دوران دھوکہ دہی کا اندازہ ہونے کے بعد خاتون نے سائبر کرائم رچہ کنڈہ سے رجوع ہوکر شکایت درج کروائی ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے تحقیقات کے دوران جالندھر پہونچکر اس خود ساختہ نجومی کو گرفتار کرلیا ۔ 8 ویں جماعت کے بعد ترک تعلیم کرنے والا آکاش بھارگو انٹرنیٹ کے استعمال میں ماہر بتایا گیا ہے اور اس کی اس صلاحیتوں سے اس نے باپ کا پیشہ اپنا لیا ۔ اس گرفتار شخص کا والد بھی نجومی تھا ۔ پولیس نے اسے گرفتار کرلیا اور مزید تحقیقات جاری ہے ۔