عقیدہ کی پختگی اور عمل صالح کی تلقین

محبوب نگر۔4مارچ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلمان اپنے عقیدہ اور عمل پر مکمل توجہ دیں ‘ دونوں جہانوں میں سرخڑوئی کیلئے صحیح عقیدہ اور عمل صالح ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار تاج العلماء علامہ نورانی میاں فاضل بغداد نے گذشتہ شب ٹاؤن ہال میدان محبوب نگر میں منعقدہ تحفظ ناموس رسالتؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ اللہ رب العزت خود ہی تحفظ ناموس کی حفاظت فرماتا آرہا ہے اور حفاظت کرتا بھی رہے گا ۔ تمام انبیاء کرام کی امتوں میں امت محمدیہ کو یہ اعزاز آقائے نامدار حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی وجہ سے ہی ملا ہے ۔ انہوں نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ صحیح العقیدہ پر مضبوطی سے جم جانا اور صالح عمل اختیار کرنا ہی ناموس رسالت پر اٹھنے والے فتنوں کا زبردست جواب ہے ۔ صحیح العقیدہ مسلمان کا دہشت گردی سے دور ک بھی واسطہ نہیں ہوتا بلکہ وہ تو رحمت اللعالمینؐ کے دامن سے وابستہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں کو اپنے معاشرہ کو برائیوں سے پاک رکھنے کی تلقین کی ۔ کانفرنس کی سرپرستی مولانا سید عبدالرزاق شاہ قادری نے فرمائی ۔ قاضی سید غوث محی الدین قادری نے نگرانی کی ۔ مولانا سید معز الدین قادری شرفی‘ مولانا ڈاکٹر غیاث پاشاہ قادری شرفی ‘ مولانا محمد رحمت اللہ نقشبندی نے بھی مخاطب کیا ۔ مولانا مخدوم جمالی اشرفی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ شہ نشین پر علماء مشائخین اور سیاسی و سماجی قائدین موجود تھے ۔