عظیم اتحاد سے پریشان کے سی آر بے قابو

وعدے پورے کرتے تو آج آپ کو عوام کے سامنے آنے کی ضرورت نہیں پڑتی : ریونت ریڈی

نارائن پیٹ۔ 4 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کے چندر شیکھر راؤ کو معلوم ہے کہ کانگریس اور تلگو دیشم ایک ساتھ آگئے تو ٹی آر ایس امیدواروں کے ڈپازٹس بھی واپس آنا مشکل ہے۔ کانگریس، تلگو دیشم، سی پی آئی، تلنگانہ جنا سمیتی کے عظیم اتحاد سے پریشان کے سی آر اپنے آپ پر قابو نہیں کر پارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ پردیش کانگریس پارٹی کارگذار صدر ریونت ریڈی نے نارائن پیٹ کے نرسی ریڈی چوراہا پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل بائیک ریالی کا انعقاد کانگریس کی جانب سے کیا گیا جو مستقر نارائن پیٹ کی مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے نرسی ریڈی چوراہا پر پہنچی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کانگریس قائد شیوا کمار ریڈی، ابھیجیت ریڈی، اے سرینواس ریڈی، محمود قریشی، محمد دستگیر چاند، جونال سبھاش اور دیگر کانگریس قائد موجود تھے۔ ریونت ریڈی نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کے سی آر حقیقت میں ہر گھر کو نل، ڈبل بیڈ روم گھر کی تعمیر، دلتوں کو 3 ایکڑ اراضی کی فراہمی، کسانوں کو ایک لاکھ قرض کی رقم معاف کی ہوتی، گھر سے ایک فرد کو نوکری، کے جی تا پی جی مفت تعلیم، حلقہ اسمبلی میں 100 بستر کا دواخانہ کی تعمیر، منڈل کیلئے 30 بستر کا دواخانہ کی تعمیر، رائل کوچ فیاکٹری، کھمم اسٹیل فیاکٹری، گریجن یونیورسٹی، ایمس دواخانہ لے کر آئے ہیں اور مسلمانوں کو 12% ریزرویشن دیتے ہوئے تلنگانہ عوام سے کئے جانے والے وعدے کو پورا کیا ہوتا تو پھر آپ کو عوام کے سامنے آکر بولنے اور اپوزیشن کے خلاف بد زبانی کرنے کی کوئی ضرورت نہیں پڑتی۔ خود تلنگانہ عوام آپ کو گھر بیٹھے الیکشن میں دوبارہ اقتدار کی کرسی پر بٹھاتے۔ ان چار سال میں کچھ کرنے کے بدلے آج نریندر مودی سے مل کر تلنگانہ میں قبل از وقت انتخابات کروا رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر سابق رکن اسمبلی نارائن پیٹ ایس راجندر ریڈی پر تنقید کی اور ان کو دوستوں کے ساتھ غداری کرنے والا بتایا۔ نارائن پیٹ کے عوام احتجاج کرتے ہوئے پانچ دن مسلسل بند مناتے ہوئے ضلع بنانے کا مطالبہ کیا جس پر آپ نے علاقہ کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے استعفیٰ دینے کا ناٹک کیا۔ شیوا کمار ریڈی کانگریس قائد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس راجندر ریڈی اپنی تجارت کو مستحکم کرنے کیلئے ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہوئے ہیں اور انہیں کوئی حق حاصل نہیں کہ مجھ پر الزام عائد کریں۔ اس موقع پر محمد یوسف تاج، منیر فاروقی، جلیل احمد، محمد غوث (زیڈ پی کوآپشن ممبر) سدھاکر، ستیش، ششی کانت اور دیگر موجود تھے۔