ٹی آر ایس کی غیر دانشمندانہ پالیسیوں نے ریاست کو قرض میں ڈبو دیا ۔ نلگنڈہ میں وینکٹ ریڈی و دیگر کا خطاب
نلگنڈہ ۔ 18 ؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس سربراہ کی غیر دانشمند انہ پالیسیوں کی وجہ سے ریاست مقروض ہوگئی ہے ۔ کانگریس پارٹی نے چیف منسٹر کو اضافی بجٹ فراہم کر وایا لیکن آج زائد از 2 لاکھ کروڑ روپئے کا مقروض ہوگیا ہے ۔ عوام کو رہائشی مکانات تین ایکر اراضی 12 فیصد تحفظات و دیگر گمراہ کن وعدے کرتے ہوئے اقتدار حاصل کیا اور ایسے وعدوں پر عمل آوری میں مکمل ناکام ہوگئی ۔ عظیم اتحاد ہی ریاست میں اقتدار پر فائز ہوگی ‘عوام کی بھرپور تائید و حمایت حاصل ہو رہی ہے ۔ عظیم اتحاد میں شامل جماعتوں پر عوام میں اعتماد پیدا ہوا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار آج ضلع تلگودیشم پارٹی آفس میں عظیم اتحاد میں شامل جماعتوں کے قائدین نے مشترکہ صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا سابق رکن اسمبلی مسٹر کے رینکٹ ریڈی نے کہاکہ کالیشورم اور مشن بھگیرتا کے کاموں کے لئے کنٹراکٹرس آگے آ رہے ہیں ۔ لیکن ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کے لئے گتہ دار آگے نہیں آ رہے ہیں اس لئے ڈبل بیڈ روم میں کمیشن نہیں ہے ۔ پراجکٹ کے کاموں میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے گتہ دار ان کاموں کو حاصل کرنے پر ہی توجہ دے رہے ہیں ۔ ان قائدین نے بتایا کہ سماج کے تمام طبقات میں خوشحالی ہوگی عظیم اتحاد کو اقتدار حاصل ہونے پر علحدہ ریاست کے مقصد کی تکمیل ہوگی اور عوامی توقعات کے مطابق حکومت اقدامات کرے گی ۔ ان قائدین نے ٹی آر ایس کے گمراہ کن اعلانات میں نہ آنے اور ریاست اور تمام طبقات کی خوشحالی کے لئے عظیم اتحاد کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی خواہش کی ۔ قبل ازیں اپنی اہلیہ کے ہمراہ مختلف بلدی حلقوں میں گھر گھر انتخابی مہم چلاتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور کانگریس کے حق میں اپنے قیمتی ووٹ کو استعمال کرنے کی خواہش کی ۔ اس پریس کانفرنس میں تلگودیشم حلقہ اسمبلی انچارج مسٹر سرینواس گوڑ ‘ سی پی آئی قائد نائب صدرنشین بلدیہ بی سرینواس ریڈی ‘ تلگودیشم قائدین یادو ‘ محمد امتیاز علی ‘ مدھوسدن ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے ۔