حیدرآباد۔/5اگسٹ، ( سیاست نیوز) راجندر نگر کے علاقہ عطا پور میں ایک شخص پر قاتلانہ حملہ کی سنگین واردات پیش آئی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ شخص شیخ حاجی جس کی عمر 45 سال بتائی گئی ہے اس پر حملہ سے قبل اس کا نام دریافت کیا گیا اور دو تا تین افراد پر مشتمل نامعلوم افراد کی ٹولی نے اس پر حملہ کیا۔ تاہم پولیس راجندر نگر کا کہنا ہے کہ حاجی متضاد بیان دے رہا ہے۔ حاجی ایک خاتون کو کام پر طلب کرنے کیلئے آج تقریباً 3بجے عطا پور علاقہ آیا تھا اس دوران اس پر حملہ ہوا۔ سب انسپکٹر راجندر نگر مسٹر شیکھر کے مطابق حاجی پر ایک شخص نے سلاخ سے حملہ کیا۔ سب انسپکٹر نے نام پوچھ کر حملہ کرنے کی بات کو مسترد کردیا اور کہا کہ پولیس کے پاس حاجی کا بیان ریکارڈ ہے۔ حاجی اسی علاقہ میں کام کیلئے ایک خاتون کو طلب کرنے گیا تھا۔ حاجی کاروان علاقہ کا ساکن ہے اور ماربل کا کام کرتا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔