عطاپور میں رئیل اسٹیٹ تاجر کی کار پر فائرنگ

حیدرآباد۔11۔نومبر (سیاست نیوز) عطا پور علاقہ میں کل رات دیر گئے پیش آئے ایک واقعہ میں نامعلوم افراد نے ریل اسٹیٹ تاجر کی کار پر فائرنگ کردی۔ بتایا جاتا ہے کہ 42 سالہ محمد شہاب الدین ساکن بنڈلہ گوڑہ پی این ٹی کالونی کل رات دیر گئے اپنی انووا کار TS-13EA-8116 میں باپو گھاٹ حیدر نگر سے گزر رہے تھے کہ نامعلوم افراد ان کی کار پر اچانک فائرنگ کردی۔ مسٹر شہاب الدین نے راجندر نگر پولیس سے اس سلسلہ میں شکایت درج کروائی۔ پولیس نے بتایا کہ درخواست گزار کانگریس پارٹی کے مقامی لیڈر ہیں اور ان کا رئیل اسٹیٹ اور ہوٹل کا کاروبار بھی ہے۔ انسپکٹر راجندر نگر مسٹر وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ اس واقعہ کی تفصیلی تحقیقات کی جارہی ہے اور اس حملہ کے پس پردہ حقائق کا فوری پتہ لگایا جائے گا ۔ پولیس اِس ضمن میںمختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے اور اِس بات کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آیا یہ واقعہ رئیل اسٹیٹ کے کاروبار یا پھر شخصی دشمنی کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔