سپاہی جیل منتقل ، ترملگیری پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ /25 جولائی (سیاست نیوز) نارتھ زون کی تروملگیری پولیس نے عصمت ریزی اور دست درازی کے واقعات میں ملوث فوجی جوان کو گرفتار کرلیا ۔ ملزم نے دو لڑکیاں جس میں کم عمر بھی شامل ہے کو نشانہ بناتے ہوئے پولیس عہدیداروں پر بھی حملہ کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 32 سالہ برجیش کمار یادو متوطن متہورہ نگر بہار گزشتہ چند عرصہ سے سکندرآباد کنٹونمنٹ کے 54 انفینٹری ڈیویژن ریجمنٹ میں بحیثیت سپاہی کام کررہا تھا ۔ اس نے /23 جولائی کو کوہ امام درگاہ واقع امو گوڑہ ریلوے گیٹ کے قریب ایک عاشق جوڑے کو اس وقت نشانہ بنایا تھا جب وہ شدید بارش کے سبب اس علاقے میں پناہ لی تھی ۔ برجیش کمار یادو نے 19 سالہ لڑکی اور اس کے بوائے فرینڈ کو نیم کی لکڑی سے حملہ کیا اور لڑکی سے دست درازی کرتے ہوئے اس کی عصمت ریزی کی کوشش کی ۔ لڑکی کی چیخ و پکار کے بعد وہاں سے فرار ہوگیا ۔ لڑکی کی مدد کیلئے پہونچنے والے تروملگری پولیس اسٹیشن سے وابستہ پولیس عملہ وہاں پہونچا جس کے نتیجہ میں فوجی سپاہی نے ان پر بھی حملہ کردیا ۔ اسی طرح گرفتار سپاہی نے 15 سالہ کم عمر لڑکی جو اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ امو گوڑہ ریلوے اسٹیشن کے قریب سنسان علاقے میں پہونچی تھی کہ اس نے بوائے فرینڈ پر حملہ کرکے اسے وہاں سے بھاگنے پر مجبور کردیا اور بعد ازاں لڑکی کی عصمت ریزی کی ۔ پولیس نے ان دو واقعات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور مقام واردات کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے وہاں سے اہم شواہد اکٹھا کئے جس میں یہ معلوم ہوا ہے کہ گرفتار سپاہی نے لڑکیوں کے بوائے فرینڈس پر حملہ کرتے ہوئے ان کی عصمت ریزی اور دست درازی کی ۔ پولیس نے بتایا کہ مقام واردات پر تحقیقاتی عہدیداروں نے یہ پتہ لگایا کہ برجیش یادو نے اپنی گاڑی کو جھاڑیوں میں چھپاکر خود کو وہاں کا نگرانکار ظاہر کرتے ہوئے لکڑی سے حملہ کرکے انہیں خوفزدہ کیا ۔ پولیس نے گرفتار سپاہی کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا ۔