عصر حاضر میں حضرت امیر خسرو کی تعلیمات سے واقف کروانا اہم ضرورت

آئندہ ماہ جشن خسرو تقاریب ، پروگرام کو قطعیت ، مولانا صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : مجلس چشتیہ کے زیر اہتمام صوفی کرام کی تعلیمات کو بنی نوع انسانی بلا لحاظ مذہب وملت مرد و خواتین کے علاوہ نئی نسل تک پہنچانے کے لیے جشن خسرو کی پانچویں عالمی کانفرنس 3 ، 4 ، 9 ، 10 اور 11 دسمبر کو شہر حیدرآباد منعقد ہوگی ۔ جس کے پروگرام شہر کے مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے ۔ یہ بات آج مولانا صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی سجادہ نشین و معتمد عمومی مجلس چشتیہ پریس کانفرنس میں بتائی ۔ انہوں نے عالمی جشن خسرو کے اہتمام و انصرام اور اس کے اغراض و مقاصد پر کہا کہ عصر حاضر کے تناظر میں حضرت امیر خسرو کی تعلیمات اور تصانیف کو اجاگر کرنا وقت کی ایک اہم ضرورت بن چکی ہے ۔ اس لیے اس کانفرنس میں اس کے ساتھ اردو ، انگریزی ، ہندی اور تلگو زبانوں میں صوفی ادب کے حامل علماء کی خدمات کا اعتراف کرنا بھی کانفرنس کا مقصد ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حضرت امیر خسرو دہلوی جہاں ایک سپاہی ، صوفی ، درباری شاعری اور موسیقار تھے وہیں ان کا شمار برصغیر کے ثقافتی تاریخ کی اہم شخصیات میں ہوتا ہے ۔ وہ شعر و ادب فنون و لطیفہ کے ماہر تھے اور حضرت سید نظام الدین اولیاءؒ کے خلیفہ ، سلاطین ہند کے دربار سے ان کی وابستگی تھی ۔ حضرت امیر خسرو نے اس دور میں سیکولرازم کی نہ صرف وکالت کی بلکہ سیکولرازم کو عملی جامہ پہنایا ۔ اس کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کے پیغام کو عام کرنے کیلئے شہر میں یہ تقاریب نئی نسل کیلئے ایک سنگ میل ثابت ہوگی ۔ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سالار جنگ میوزیم میں منعقد ہوگی ۔ مہمان خصوصی جناب محمد محمود علی نائب وزیر اعلی تلنگانہ ہوں گے ۔ اعزازی مہمان قونصلیٹ جنرل ایران متعینہ حیدرآباد محمد حق بن اور ڈاکٹر عقیل ہاشمی شرکت کریں گے ۔ اس موقع پر قوالی کا شاندار پروگرام جناب عتیق حسین خاں بندہ نوازی اور ان کے ہمنوا پیش کریں گے ۔ 9 دسمبر اتوار 6 بجے شام بھارتیہ ودیا بھون کنگ کوٹھی ’ رنگ خسرو ‘ صوفی میوزک منعقد ہوگا ۔ جسے عمران صوفی میوزیکل گروپ پیش کرے گا ۔ 4 دسمبر کو ’ تعلیمی مشن ‘ سالار جنگ میوزیم میں 6 بجے شام منعقد ہوگا ۔ اس اجلاس کو جناب احمد اللہ خاں ، ڈاکٹر عقیل ہاشمی ، ڈاکٹر ذوالفقار صدیقی ، پروفیسر حبیب نثار ، ڈاکٹر آمنہ تحسین ( مانو ) ، پروفیسر مجید بیدار اور دوسرے مخاطب کریں گے ۔ 11 دسمبر کو حضرت مولانا سید فضل المتین چشتی گدی نشین کی سرپرستی اور مولانا صوفی شاہ محمد مظفر علی چشتی ابوالعلائی کی نگرانی میں منقبتی ، طرحی مشاعرہ ’ بیان کیجئے فضیلت امیر خسرو ‘ کی منعقد ہوگا ۔ جناب پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر اکیڈیمی ، جناب مضطر مجاز اعزازی مہمان ہونگے ۔ ڈاکٹر جاوید کمال خیر مقدم کرینگے ۔ اس پریس کانفرنس میں ڈاکٹر جاوید کمال ، صوفی خرم علی اور دوسرے موجود تھے ۔۔