بیدر میں منعقدہ اجلاس سے مفتی غلام یزدانی اشاعتی و دیگر کا خطاب
بیدر۔4؍فروری۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔جمعیت علماء بیدر کے زیر اہتمام معززین شہر کا ایک خصوصی اجلاس وہائٹ ہائوز بلڈنگ نئی کمان میں منعقد کیا گیا اس موقع پر مفتی غلام یزدانی اشاعتی صدر جمعیت علماء بیدرنے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے اگر تم شکر ادا کرو گے تو میں تمہاری نعمتوں میں اضافہ کروں گا اور اگرنا شکری کرو گے تو میراعذاب سخت ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایاجولوگوں کا شکریہ ادا نہیں کرتا ہے وہ اللہ کا بھی شکریہ ادا نہیں کرتا ہے ،ہم کو چاہئے کہ ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کریں اور کفرانِ نعمت سے اجتناب کریں ۔مفتی یزدانی نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہاکہ امت مسلمہ دنیا بھر میں افراط و تفریط کا شکار ہے مسلمانوں کو جہاں اسلام دشمن طاقتوں کا مقابلہ کرنا ہے وہیں آپسی مسلکی اختلافات کے درمیان اتحاد و اتفاق پیدا کرنا ضروری ہے آج مسلمانوں کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار طرح متحد و منظم ہونے کی ضرورت ہے م۔ اگر تمام مسلمان اپنے فروعی مسائل سے بالا تر ہو کر ایک ہو جائیں تو اس ملک میں مسلمان نہ قابل تسخیر طاقت بن کر ابھر سکتے ہیں مولانا محمد تصدق ندوی جنرل سکریٹری نے اپنے خطاب میں بے قصور نوجوانوں کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ فرقہ پرستوں کے اشارے پر تعلیم یافتہ ذہین با صلاحیت نوجوانوں کی گرفتاریاں مسلمانوں کے خلاف سوچی سمجھی سازش ہے ،’’سب کا ساتھ سب کا وکاس ‘‘کا پُر فریب نعرہ دے کر اقتدار حاصل کیاگیا اور اب عوام کے ساتھ عدم رواداری کا سلوک کیا جانے لگا ہے ،حکومت ہر زاویہ پر نا کام ہو چکی ہے عدم رواداری کے نتیجہ میں دہلی ،بہار اور ملک کے ضمنی انتخابات میں فرقہ پرست پارٹیوں کو زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا آنے والے دیگر اسمبلی انتخابات میں ہندو اکثریت ووٹ حاصل کرنے کیلئے نوجوانوں کی بیجا گرفتاریاں عمل میں لائی جارہی ہیں اس طرح معصوم نوجوانوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈال کر ان کی اور افراد خاندان کی زندگیوں کو تباہ و برباد کیا جارہا ہے مسلمان اس ملک کا وفادار ہے وہ ملک مخالف سر گرمیوں میں ملوث نہیں ہو سکتا ہے جن نو جوانوں کو گرفتار کیا جارہا ہے جمعیت علماء ہند ان کے مقدمات کی کامیاب پیروی کرتے ہوئے ان کو باعزت بری کروا رہی ہے مولانا عبدالرحمن حُسینی قاسمی نائب صدر نے بھی خطاب کیااور اپنے خطاب میں جمعیت علماء کا تعارف اور اس کی خدمات پر روشنی ڈالی ۔ واضح ہو کہ یہ خصوصی اجلاس صرف جلسہ کے معاونین سے اظہار تشکر کیلئے منعقد کیا گیا کسی سیاسی غرض کیلئے نہیں ۔اس اجلاس میں معززین شہر میںڈاکٹر عبدالقدیر سکریٹری شاہین ادارہ جات ، عبدالمنان سیٹھ، سید مدثر حُسین سید میٹل ورکس، محمد جاوید کلاس ون کنٹراکٹر ،سیف الدین سہیل اربن بینک، کفایت اللہ صدیقی ، ڈاکٹر عبدالعزیز، غوث قریشی، شاہ سیف الاسلام، شاہ ضیاء الاسلام، محمدعبدالجبار کیمبریج اسکول، رفیع درگاہ پورہ، غوث کوہ نور، فیاض ایچ کے جی ین، محمد رحیم خان،نبی کونسلر، انور کونسلر ، سلطان نائیس، مفتی عبدالجلیل قاسمی، مولانا مونس کرمانی ، مولانا شجاع الدین قاسمی ، مولانا فرید الدین حسامی، فراست علی ایڈوکیٹ کے علاوہ صحافیوں نے شرکت کی ،حافظ مظہر الدین کی قرأت سے اجلاس کا آغاز ہوا حافظ عبدالحکیم نے نعت شریف پیش کی، مفتی غلام یزدانی اشاعتی کی دُعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔