عشرت کیس : پانڈے کی ڈسچارج عرضی کی مخالفت

احمدآباد۔ 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے عشرت جہاں کیس میں گجرات کے انچارج ڈائریکٹر جنرل آف پولیس پی پی پانڈے کی برأت والی درخواست کی مخالفت کی۔ یہاں خصوصی سی بی آئی عدالت کے روبرو اپنے جواب میں سنٹرل ایجنسی نے کہا کہ پانڈے کے خلاف ثبوت ہے جو ان کے راست اور بالواسطہ رول کی نشاندہی کرتا ہے۔ سی بی آئی نے یہ بھی کہا کہ وہ ہنوز ثبوت اکٹھا کررہا ہے اور بیانات قلمبند کئے جارہے ہیں۔ کیونکہ ٹرائل ابھی شروع ہونا ہے۔ جج جے کے پانڈیا نے یہ معاملہ قطعی حکم نامہ کیلئے 16 مارچ کیلئے ڈال دیا ۔ سی بی آئی نے نشاندہی کی کہ مبینہ انکاؤنٹر اس وقت پیش آیا جب پانڈے گجرات پولیس میں اعلیٰ عہدہ پر فائز تھے۔