عشرت کیس : ملزم ڈی جی پی کو تین ماہ کی توسیع

گاندھی نگر، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام)گجرات کے انچارج (ڈی جی پی) پی پی پانڈے کی سرویس کی مدت میں آج ان کے مقررہ مدت کار کے آخری دن تین ماہ کی توسیع کردی گئی۔ عشرت جہاں فرضی انکاونٹر معاملے کے ملزم رہے پانڈے 1980بیاچ کے آئی پی ایس آفیسر ہیں اور وہ آج ہی ریٹائر ہونے والے تھے۔ مرکزی حکومت کی کابینی کمیٹی نے ریاستی حکومت کی طرف سے انہیں تین ماہ کی توسیع دینے کی سفارش کو منظور کرلیا۔ اس سلسلے میں نوٹیفیکیشن آج ہی جاری کیا گیا۔ انہیں انسداد بدعنوانی بیورو کے ڈائرکٹر کے ساتھ ہی انچارج ڈی جی پی کے عہدہ پر برقرار رکھا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں نئے ڈی جی پی کے سلسلے میں قیاس آرائیاں ختم ہوگئی ہیں۔ خیال رہیکہ ریاست کی سینئر آئی پی ایس آفیسر گیتاجوہری نے کل وزیراعلیٰ سے ملاقات کی تھی اور اس طرح کی قیاس آرائیاں تھیں کہ انہیں پانڈے کے ریٹائرمنٹ کی صورت میں ڈی جی پی کا عہدہ سونپا جاسکتا ہے۔ پانڈے عشرت جہاں انکاونٹر معاملے میں جولائی 2013  میں گرفتاری کے بعد 19 ماہ جیل میں بھی رہے تھے اور فروری 2015  میں ضمانت پر رہائی کے بعد انہیں پروموشن دیکر انچارج ڈی جی پی بنادیا گیا تھا ۔ اسے سابق پولیس آفیسر جولیو ریبیرو نے عدالت میں چیلنج کیا تھا لیکن عدالت نے اس پر روک لگانے سے انکار کردیا تھا۔ پانڈے نے عشرت جہاں انکاونٹر معاملے میں الزامات سے بری کرنے کے لئے سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں عرضی بھی دے رکھی ہے۔