نئی دہلی۔ 11 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزارتِ داخلہ کی جانب سے عشرت جہاں کے فرضی انکاؤنٹر مقدمہ کی متعلقہ تحقیقات کی سی بی آئی دستاویزات طلب کرنے کے کام کو ’’غیرضروری‘‘ قرار دیا۔ پارٹی کے سینئر قائد ایم ویرپا موئیلی نے ایوان پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پورا اقدام قطعی غیرضروری ہے، کیونکہ اس سے تحقیقاتی محکمہ کی خودمختاری کا موقف متاثر ہوگا۔ وزارتِ داخلہ نے سی بی آئی سے عشرت جہاں مقدمہ کے متعلق چند دستاویزات طلب کی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے بموجب اس مقدمہ میں درخواست کئے بغیر دستیاب ریکارڈ درخواست کی منظوری تک طلب نہیں کیا جاسکتا۔ سمجھا جاتا ہے کہ سی بی آئی قانونی رائے طلب کرنا چاہتی ہے کہ کیا دستاویزات وزارتِ داخلہ کے حوالے کی جاسکتی ہیں یا نہیں۔ محکمہ نے وزارت داخلہ سے اسپیشل ڈائریکٹر راجندر کمار (ریٹائر) پر مقدمہ دائر کرنے کی وزارت داخلہ سے منظوری بھی طلب کی ہے۔