ریاض۔19 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے کراٹے چمپیئن محمد عسیری نے یوتھ اولمپک گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ یہ کامیابی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے نام کردی۔ ارجنٹیناکے شہر بیونس آئرس میں رواں یوتھ اولمپک گیمزمیں محمد عسیری نے 61کلوگرام زمرے میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ سعودی عرب کے کھلاڑیوں نے اولمپک گیمز میں 1972ء سے حصہ لینا شروع کیا ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ کسی سعودی کھلاڑی نے گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ سعودی عرب کی جنرل اسپورٹس اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل شیخ نے محمد عسیری کی اس شاندار کامیابی پر 10لاکھ ریال انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ گولڈ میڈل جیتنے کے اس موقع پر سعودی کھلاڑی محمد عسیری نے اپنے خیالات اور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی میرے لئے انتہائی خوشی کا موقع ہے اور میرے اندر کا احساس ناقابل بیان ہے جب اس بین الاقوامی ایونٹ میں قومی ترانے کی دھن پر میرے ملک کا جھنڈا بلند ہوا۔ محمد عسیری نے کہا کہ میں اپنی یہ کامیابی خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور والدین اور دیگر ایتھلیٹ ساتھیوں کے نام کرتا ہوں۔