چینائی ۔8 اپریل ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ٹیم انڈیا سے خارج عرفان پٹھان کیلئے ایسا لگتا ہے کہ زخم معمول کی بات بن چکے ہیں کیونکہ برودہ کے آل راؤنڈر پھر ایک بار ان فٹ قرار دیئے گئے ہیں جبکہ چینائی سوپر کنگس کیلئے ابھی ٹورنمنٹ شروع ہی نہیں ہوا ہے ، جنھیں کل اپنے افتتاحی آئی پی ایل میچ میں دہلی ڈیر ڈیولس سے کھیلنا ہے ۔ پٹھان جنھیں سی ایس کے کی جانب سے اپنی صف میں شامل کیا گیا وہ گزشتہ چند دن سے ٹریننگ کررہے تھے اور تازہ اطلاع کے مطابق انجری سے دوچار ہوچکے ہیں ۔ چیف کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے تصدیق کی ہے کہ لیفٹ آرم پیس بولر ڈیر ڈیولس کے خلاف سلیکشن کیلئے دستیاب نہیں رہیں گے ۔ انھوں نے ماقبل میچ میڈیاکانفرنس کو آج یہاں بتایا کہ عرفان پٹھان فٹ نہیں ہے ۔ اُن کی جگہ ایک اور پیسر اینڈریو ٹائی کو شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ پٹھان کو گزشتہ چند برسوں میں مختلف نوعیت کی انجریز کا سامنا رہا ہے جن میں ہیمسٹرنگ ، گھٹنے کا زخم سے لیکر پنڈلی وغیرہ کے مسائل شامل ہیں۔