کراچی ۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان نے لاہور میں گرمائی کیمپ میں شرکت کر لی ہے لیکن انہوں نے ابھی بولنگ شروع نہیں کی۔ دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ پر امید ہے کہ وہ جلد کولہے کے زخم سے صحتیاب ہوکر ایکشن میں دکھائی دیں گے۔لاہور میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تر بیتی کیمپ میں محمد عرفان دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ بھر پور ٹریننگ کررہے ہیں۔ پی سی بی کے ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ عرفان کو آپریشن کی ضرورت نہیں ہے اور وہ ٹریننگ کے بعد مکمل صحت یاب ہوجائیں گے۔ ذرائع کے مطابق عرفان پی سی بی میڈیکل پینل کی ہدایت پر اپنی فٹنس کو بہتر بنانے کے لئے کام کررہے ہیں۔ ڈاکٹروں نے انہیں بولنگ سے منع کیا ہے اس لئے وہ احتیاط سے کام لے رہے ہیں۔سات فٹ ایک انچ طویل قامت محمد عرفان 15نومبر کو دبئی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹوئنٹی 20 میچ میں 10 گیندیں کرنے کے بعد ان فٹ ہوگئے تھے۔ ڈاکٹروں نے ان کے کولہے میں فریکچر کی نشاندہی کی تھی۔ پانچ ماہ کرکٹ سے دور رہنے کے باوجود انہیں ابھی تک بولنگ کرنے کی اجازت نہیں ملی ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ عرفان دوڑ بھا گ رہے ہیں اور اگلے چند ماہ میں کرکٹ میں واپس آجائیں گے۔