عرس شریف حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کا 29جولائی سے آغاز

گلبرگہ میں زائرین کیلئے تمام سہولتوں کی فراہمی ‘ لاکھوں افراد کی شرکت متوقع

گلبرگہ 27جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضرت خواجہ بندہ نواز گیسو دراز ؒ کے 614عرس شریف کا بروز اتوار بتاریخ 29جولائی سے آغاز ہوگا۔توقع ہے کہ اس سال بھی ہر سال کی طرح ملک بھر سے لاکھوں زائرین شرکت کریںگے ۔ ان زائرین کی آمد کے لئے خصوصی ٹرینوں اور این ای کے ایس آر ٹی سی کی بسوںکا انتظام کیا گیا ہے ۔عرس شریف کی سہ روزہ تقاریب 31جولائی تک منعقد ہوں گی ۔ ڈاکٹر سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی صاحب سجادہ نشین 29جولائی کو مراسم صندل مالی انجام دیںؤگے۔ 15ذیقعدہ بروز اتوار صبح 8بجے سجادہ نشین خدمات فراشی انجام دیں گے ۔ بعد ازاں بند سماع منعقد ہوگی۔ محبوب گلشن میں نماز عصر ادا کی جائے گی۔ پھر محفل سماع منعقد ہوگی۔ شام 6.30بجے جلوس صندل مبارک محبوب گلشن سے روانہ ہوگا۔ جگت سرکل، سوپر مارکیٹ، مسجد محبس اور پرانی ترکاری مارکیٹ سے ہوتا ہوا شام 7بجے مسجد مارکیٹ پہنچے گا۔ نماز مغر ب کی ادائیگی کے بعد محفل نعت و شعر کا انعقاد ہوگا اور بعد نماز عشاء جلوس صندل کی روانگی عمل میں آئے گی۔ جو صرافہ بازار،صندل گلی ،نیشنل چوک، ڈنکہ ،مقبرہ ،مسجد کاکڑ خان، سے ہوتا ہوا رات10.30بجے درگاہ شریف پہنچے گا۔ جہاں پر حضرت سجادہ نشین جلوس صندل مبارک کا استقبال کریں گے۔ بعد ازاں بند سماع خانہ میں سماع منعقد ہوگا۔ 30جولائی بروز پیر 11.30بجے دن سماع خانہ درگاہ شریف میں حضرت سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی صاحب کی زیر صدارت حضرت خواجہ بندہ نوازؒ کی تصنیفات و تعلیمات پرسمینار منعقد ہوگا۔ 31جولائی کو بروز منگل صبح 8بجے درگاہ شریف میں خدمت چراغاں انجام دی جائیگی۔ 11بجے دن مسجد درگاہ شریف میں سالانہ جلسہ قرات و نعت منعقد ہوگا۔ دار العلوم دینیہ بندہ نواز کے طلبا کی دستار بندی ہوگی ۔اور اسناد کی تقسیم عمل میںلائی جائیگی۔ بعد مغرب خدمات زیارت انجام پائے گی اور بند سماع منعقد ہوگا۔ 11بجے شب حویلی روضہ منورہ بزرگ میں محفل سماع (قل) کا انعقاد عمل میں لایاجائیگا۔ 28جولائی کو شام 7.30بجے صنعتی نمائش خواجہ بازار کا افتتاح عمل میںلایا جائیگا۔ عرس شریف کے دوران مسجد درگاہ شریف میں مجالس وعظ منعقد ہوںگی۔ اطلاعات کے بموجب عرس شریف کے ضمن میں زائرین کی سہولت کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ محترمہ کنیز فاطمہ رکن اسمبلی گلبرگہ و مئیر گلبرگہ نے محبوب گلشن میں 29جولائی کو تقریب صندل مبارک کے لئے تمام تیاریوں کا معائنہ کیا ہے اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ محبوب گلشن میںان تیارریوںکے معائنہ کے وقت کنیز فاطمہ رکن اسمبلی گلبرگہ موجود تھیں ۔ انکے علاوہ حضرت سید شاہ علی الحسینی فرزند اکبر و جانشین حضرت سید شاہ گیسو دراز خسرو حسینی ، حضرت باقر شبیر حسینی ، فراز السلام ، عادل سلیمان سیٹھ ، حبیب معظم انجنئیر ،محمد اسماعیل کاریگر اور دیگر شریک تھے ۔