عرس حضرت سید شاہ افضل بیابانی ؒ کا کامیاب اختتام

ایک لاکھ سے زائد زائرین کی شرکت، قومی یکجہتی کانفرنس کا انعقاد، مجلہ بیابانیہ کی رسم اجرائی
قاضی پیٹ۔/8نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی رحمت اللہ علیہ قاضی پیٹ ضلع ورنگل کے عرس شریف تقاریب کا انعقاد مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی سجادہ نشین قاضی پیٹ ضلع ورنگل کی نگرانی میں کامیابی کے ساتھ عمل میں آیا۔ایک تا دو لاکھ زائرین نے عرس شریف تقاریب میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔ ان تقاریب میں حضرت مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی چشتی صابری (حیدرآباد )، مولانا سید شاہ حیدر ولی اللہ قادری،مولانا سید شاہ میر حبیب علی شاہ ثالث (حیدرآباد ) سید شاہ ندیم اللہ حسینی(حیدرآباد ) اور کئی مشائخین نے عرس شریف تقاریب میں شرکت کی سعادت حاصل کی۔ نائب وزیر اعلی شری کڈیم سری ہری ، سابق یم ایل اے تحلیل شدہ اسمبلی، میئر گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن ورنگل شری نریندر اور دیگر ٹی آر ایس قائدین نے بھی عرس شریف تقاریب میں شرکت کی۔ دوران عرس شریف تقاریب تقریبا” پچاس تا ساٹھ ہزار زائرین کو لنگر میں کھانا کھلایاگیا۔محکمہ پولیس، بلدیہ، صحت و طبابت اور برقی کے عمدہ انتظامات کو زائرین نے کافی سراہا۔ قاضی پیٹ بموقع عرس شریف حضرت افضل بیابانی رحمت اللہ علیہ قاضی پیٹ ضلع ورنگل 27صفر المظفر بعد نماز عشاء کانفرنس بعنوان قومی یکجہتی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی بصدارت حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی سجادہ نشین منعقد ہوا۔حضرت سید شاہ بختیار بیابانی نامزد جانشین سجادہ نشین نے ہندوستان اور خصوصاً شہر ورنگل میں ترقی کے لئے قومی یکجہتی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو ضروری قرار دیا۔ مولانا محمد خان بیابانی کامل حدیث و ریسرچ اسکالر فارسی اردو یونیورسٹی حیدرآباد نے حدیث شریف بیان کی کہ وطن سے محبت جزو ایمان ہے۔ پولس کمشنر ورنگل نے مخاطب کیا اور کہا کہ ورنگل امن و آمان کا گہوارہ ہے۔ پروفیسر نوین ساہتیہ اکیڈمی انعام یافتہ نے کہا کہ ہر مذہب امن کا پیغام دیتا ہے۔ مولانا صابر عالم ، سید شجاعت اللہ حسینی بیابانی موظف پرنسپل ورنگل، ڈاکٹر انیس صدیقی اور مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی سجادہ نشین قاضی پیٹ ضلع ورنگل نے بھی قومی یکجہتی و فرقہ وارانہ ہم آہنگی برائے امن و امان ضروری قرار دیا۔ عرس شریف حضرت سید شاہ افضل بیابانی رحمت اللہ علیہ کے موقع پر دو معززین جناب سید فیصل حسینی متولی درگاہ شریف حضرت سید شاہ علی سانگڑے سلطان مشکل آسان رحمت اللہ علیہ قندھار شریف اور جناب درویش احمد گوڈر شاہی کو مولانا سید شاہ غلام افضل بیابانی سجادہ نشین قاضی پیٹ ضلع ورنگل نے سلسلہ بیابانیہ رفاعیہ اور قادریہ میں ہزاروں معتقدین اور رفاعی فقراء کرام کی موجودگی میں خلافت سے سرفرازکیا۔ بموقع عرس شریف، سید شاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین درگاہ شریف قاضی پیٹ و قاضی سرکار ورنگل نے 25 صفر بعد نماز عشاء مجلہ بیابانیہ کی رسم اجراء انجام دی۔