بسوا کلیان۔/17اگسٹ، ( فیکس ) برادر سجادہ نشین خواجہ نورالحسن جاگیر دار کی اطلاع کے بموجب حضرت خواجہ سید تاج الدین شیر سوار چشتی نظامی منوری المعروف راجہ باگ سوار ؒ بسوا کلیان کے عرس کی سہ روزہ تقاریب 18 ،19اور 20اگسٹ کو مقرر ہیں۔ حضرت خواجہ ضیاء الحسن جاگیر دار شاہ منور چشتی نظامی شیر سواری سجادہ 18اگسٹ پیر کو بعد نماز مغرب صندل مبارک قلعہ بارگاہ حسین سے نکل کر بسوا کلیان مین روڈ پر گشت کرتا ہوا آستانہ عالیہ پہنچے گا۔حضرت خواجہ ضیاء الحسن سجادہ نشین مراسم صندل مالی انجام دیں گے۔19اگسٹ منگل کو بعد نماز ظہر احاطہ بارگاہ شیر سوار ؒ میں خلافت جانشینی و تولیت عطا کی جائے گی اور جلسہ فیضان اولیاء اللہ منعقد ہوگا۔ حضرت سید شاہ گیسو دراز خسرو محمد اکبر محمد محمدالحسینی سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز گلبرگہ شریف صدارت کریں گے۔ مولانا سید شاہ حسن شبیر محمد محمدالحسینی المعروف عقیل بابا سجادہ نشین روضہ منورہ خرد گلبرگہ شریف نگرانی کریں گے۔ مولانا حافظ محمد فخر الدین امام بارگاہ شیخ دکن گلبرگہ کی قرأت اور خواجہ معین الدین کی نعت سے جلسہ کا آغاز ہوگا۔ جناب حامد اکمل نظامت کے فرائض انجام دیں گے۔ مولانا سید شاہ احمد حسینی کامل جامعہ نظامیہ حیدرآباد ، مولانا سید عبدالرشید چشتی، مولانا سید عبدالروف ، فیضان اولیاء پر خصوصی روشنی ڈالیں گے۔ تقریب جھیلہ مبارک بعدنماز مغرب قلعہ تا بارگاہ عالیہ حضرت شیر سوار ؒ دیر رات پہنچے گا۔ بعد نماز مغرب رسم چراغاں اور 20اگسٹ کو بعد نماز عصر زیارت و فاتحہ خوانی شجرہ خوانی ، درود و سلام ہوگا۔ نظامی ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام بعد نماز عشاء محفل سماع کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ حیدرآباد کے مشہور قوال تحسین حسین خان و نظامی برادرس و ہمنوا کلام پیش کریں گے۔