عرب صحت نمائش میں آندھراپردیش کا خصوصی طبی آلہ

طبی آلات کی پیداوار کیلئے کمپنیوں کا قیام اور میڈیکل کالجس کے قیام پر غورکا اعلان
دبئی۔26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی سطح پر سرمایہ کاری ترغیب دینے کیلئے حکومت آندھراپردیش اپنا ایک خصوصی پراجکٹ عرب صحت نمائش میں پیش کررہی ہے ‘ یہ خصوصی طبی آلہ ہے جو تین روزۃ عرب صحت نمائش 2016ء میں پیش کیا جارہا ہے  جو دبئی انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایکزیبیشن سنٹر میں کل سے شروع ہوئی ۔ اس کا افتتاح متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم محمد بن راشد المختوم نے کیا جو دبئی کے حکمراں بھی ہیں ۔ خوشگوار ماحول میں آندھراپردیش نے اپنی بہترین صنعتی پالیسی ‘ 24گھنٹے برقی سربراہی اور 10لاکھ ایکڑ اراضی صنعتی مقاصد کیلئے مختص کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ آندھراپردیش کے صحت کمشنر کے وی ستیہ نارائنا وفد کی قیادت کررہے ہیں ۔ گوپی ناتھ ایم جی ‘ ڈائرکٹر اے پی طبی انفراسٹرکچر کارپوریشن نے کہا کہ آندھراپردیش طبی آلات کی سب سے بڑی منڈی ہے  جہاں کثیر تعداد میں میڈیکل کالج اور سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل قائم ہورہے ہیں جن کے قیام کے بعد یہ ایشیاء کا سب سے بڑا طبی مرکز بن جائے گا ۔ اس مقصد کے حصول کیلئے طبی آلات کی پیداوار کی کارخانے قائم کئے جارہے ہیں جن کیلئے انفراسٹرکچر مختص کرنے کا منصوبہ ہے ۔ حال ہی میں مرکزی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ طبی آلات کی درآمد پر ٹیکس میں تخفیف کی جائے گی اور خام اشیاء پر رعایتی ٹیکس عائد کیا جائے گا جس کی وجہ سے آندھراپردیش کے پراجکٹ کی کامیابی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں ۔ ستیہ نارائنا نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی ساتھ قومی طبی آلات پالیسی زیر غور ہے جس کے اعلان کے بعد آندھراپردیش ترغیبات دینے کے سلسلہ میں سب سے آگے ہوجائے گی ‘ اس سے آندھراپردیش اور ہندوستان کو طبی آلات تیار کرنے کا عالمی مرکز بنانے میں مدد ملے گی ۔ فورم کوآرڈینیٹر اسوسی ایشن آف انڈیا میڈیکل ڈیوائس مینوفیکچرر راجیو ناتھ نے کہا کہ ملک کے اولین طبی آلات پارک سے وابستگی پر اُن کو بیحد خوشی ہوئی ۔عرب صحت نمائش ایک عظیم پلیٹ فارم ہے جہاں سے اس پراجکٹ کا آغاز ہورہا ہے ۔ امید ہے کہ اسے عالمی توجہ اور دلچسپی حاصل ہوگی جس سے اس انوکھے پراجکٹ کی زبردست کامیابی کی توقعات ہیں ۔ چار ہزار سے زیادہ دواؤں اور طبی آلات کی کمپنیاں دبئی کی نمائش میںحصہ لے رہے ہیں ۔