عرب امارات میںہندوستانی شہری کو دست درازی پر ایک سال قید

دوبئی 5 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات میں ایک ہندوستانی شہری کو اپنی ساتھی دو خاتون ورکرس کے ساتھ دست درازی کے الزام میں ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔ اس شخص کی صرف ایس کے کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے اور اس پر الزام ہے کہ اس نے ایک 27 سالہ نیپالی خاتون اور ایک 36 سالہ کینیائی خاتون کے ساتھ دست درازی کی ہے ۔ دونوں ہی خواتین وہاں کلینرس کی حیثیت سے کام کرتی ہیں۔ دوبئی کی ایک عدالت نے ایس کے کو دو خواتین کے ساتھ جنسی دست درازی کا مرتکب قرار دیا ہے اور اس پر خلیجی مملکت کے قوانین کی خلاف ورزی کا بھی الزام ہے ۔ سماعت کے دوران ایس کے نے تاہم اس الزام کی تردید کی ہے ۔ اس نے کہا کہ یہ خواتین دوڑتے ہوئے اس سے ٹکرا گئی تھیں اور دست درازی کا الزام غلط ہے تاہم عدالت نے اسے خاطی قرار دیتے ہوئے ایک سال قید کی سزا سنائی ۔