عربوں سے اسرائیلی جارحیت کیخلاف متحدہونے کی اپیل

جدہ۔ 13 اگست (سیاست ڈاٹ کام)سعودی وزیرخارجہ شہزادہ سعود الفیصل نے عرب اقوام پر زوردیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا توڑ کرنے کیلئے ایک صف میں اکٹھے ہوں۔انھوں نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت پر پوری دنیا کو مجرمانہ خاموشی اختیار کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سعودی وزیرخارجہ جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک وزارتی اجلاس میں شریک تھے جس میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی جارحیت سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کیا گیا ہے۔ اجلاس میں شہزادہ سعود الفیصل نے کہا کہ اسرائیل کا مقصد فلسطینیوں کے وجود کو ختم کرنا ہے مگر سعودی عرب فلسطینی کاز کو اپنا بنیادی کاز سمجھتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے درمیان اختلافات خانہ جنگیوں کے موجب بن رہے ہیں اور اس سے اسرائیل کو اپنے جرائم کے اعادے کی شہ مل رہی ہے۔ انھوں نے تمام عرب ممالک پر زوردیا کہ وہ جارحیت روکنے کی مصر کی کوششوں کی حمایت کریں اور درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے اٹھ کھڑے ہیں۔شہزادہ سعودالفیصل نے اسرائیل سے سوال کیا کہ اگر تمام مسلم دنیا متحد ہوگئی تو کیا وہ پھر بھی جارحیت کرسکے گا۔انھوں نے فلسطین کی تعمیر نو کے لیے ترقیاتی فنڈ میں سعودی عرب کی جانب سے 50کروڑ ڈالرز دینے کا وعدہ کیا ہے۔ ادھر قاہرہ میں مصر کی ثالثی میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان پائیدار جنگ بندی کے لیے بالواسطہ بات چیت کے دوسرے روز کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔