بغداد ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے شیعہ عالم دین مقتداء لصدر نے اپنے حامیوں کو ہدایت دی کہ بغداد کے قلعہ بند علاقہ گرین زون کے روبرو دو ہفتہ سے جاری دھرنا ختم کردیں۔ یہ دھرنا حکومت پر اصلاحات کیلئے دباؤ ڈالنے کے مقصد سے کیا جارہا تھا۔ گرین زون کی پھاٹکوں کے روبرو دھرنا گذشتہ دو ہفتے سے جاری تھا۔ ٹی وی پر اپنے حامیوں کو خطاب کرتے ہوئے مقتداء لصدر نے کہا کہ وہ اپنا دھرنا ختم کردیں کیونکہ حکومت نے اقلیت پر جبر کا سلسلہ ختم کرنے کا تیقن دیا ہے۔ ان کا یہ اعلان وزیراعظم عراق حیدرالعبادی کے اپنی کابینہ کے وزراء میں ردوبدل کے بعد منظرعام پر آیا۔ مقتداء لصدر عراق کی کابینہ میں ردوبدل کا بھی مطالبہ کررہے تھے جسے وزیراعظم عراق نے تسلیم کرتے ہوئے اپنی کابینہ میں ردوبدل کردیا۔