عراق کے شہر موصل میں 40 ہندوستانیوں کا اغوا

وزیر اعظم نریندر مودی نے جائزہ لیا ۔ سابق سفیر برائے عراق سریش ریڈی موصل روانہ
نئی دہلی 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) عراقی شہر موصل کے قریب پراجیکٹس میں کام کرنے والے تقریبا 40 ہندوستانیوں کا اس وقت اغوا کرلیا گیا جبکہ انہیں وہاں جاری لڑائی کی وجہ سے کسی محفوظ مقام کو منتقل کیا جا رہا تھا ۔ شبہ کیا جا رہا ہے کہ آئی ایس آئی ایس عسکریت پسندوں نے یہ کارروائی کی ہے ۔ جب 40 ہندوستانیوں کو جنگ زدہ علاقہ سے ان کی سکیوریٹی و تحفظ کے خیال سے کسی دوسرے مقام کو منتقل کیا جارہا تھا اسی وقت مشتبہ عسکریت پسندوں نے انہیں یرغمال بنالیا ۔ اس واقعہ پر فکرمند حکومت ہند نے فوری عراقی حکام سے رابطہ کیا ہے اور اس نے سابق سفیر برائے عراق سریش ریڈی کو وہاں روانہ کیا ہے ۔

سریش ریڈی کو حال ہی میں آسیان کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کیا گیا ہے اور ان کے عراق میں اچھے روابط ہیں ۔ وہ موصل کیلئے روانہ ہوچکے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ ہندوستانی باشندے موصل کے قریب تعمیراتی پراجیکٹس میں کام کر رہے تھے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے خارجہ پالیسی اور سکیوریٹی ماہرین کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور اس بات کی ہدایت دی ہے کہ ان ہندوستانی ورکرس کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جانی چاہئے ۔ حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستانیوں کا پتہ چلانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ قومی سلامتی مشیر اے کے ڈوول نگرانی کر رہے ہیں۔ تکریت میں 46 ہندوستانی نرسیس برسر کار ہیں اور انہوں نے بھی حکومت سے مدد طلب کی ہے ۔ حکومت نے عراق میں پھنسے ہندوستانیوں کے تعلق سے اطلاعات کی فراہمی کیلئے ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے ۔