انقرہ۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کی فوج نے ایک مہم کے تحت عراق کے سنجاراور شام کے شمالی حصے میں 70 دہشت گردوں کو مار گرانے کا دعوی کیا ہے ۔ یہ حملہ کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے ) سے منسلک گروپوں کے خلاف چلائی گئی مہم کے تحت کیا گیا ہے ۔فوج نے اس سلسلے میں سرکاری بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی۔خیال ر ہے کہ شام کی پالیسی پر امریکہ اور ترکی کے درمیان کئی اختلافات ہیں۔ ترکی کا خیال ہے کہ دولت اسلامیہ کے خلاف جنگ لڑ رہے شامی کرد جنگجوؤں کو ایک دہشت گرد تنظیم سمجھتا ہے ۔
شام میں حملے پر امریکہ کی تشویش
دبئی۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے شام اور عراق میں ترکی کے فضائی حملوں میں 20 سے زائد کرد جنگجوؤں کی موت پر گہری تشویش ظاہر کی ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ ہم شمالی شام اور شمالی عراق میں آج ہوئے ترکی کے فضائی حملوں پر انتہائی فکر مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملے امریکہ اور دولت اسلامیہ (آئی ایس) کے خلاف قائم وسیع اتحاد سے تال میل کے بغیر کئے گئے ہیں۔مسٹر ٹونر نے کہاکہ ہم نے ترکی حکومت سے اپنی تشویش ظاہر کردی ہے ۔امریکی حمایت یافتہ کرد جنگجوؤں کے گروپ وائی پی جی نے کہا کہ ان کے ٹھکانوں پر کئی حملے کئے گئے ہیں۔ کرد جنگجوؤں کا یہ گروپ دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف لڑ رہا ہے ۔