عراق کی نئی کابینہ کی فہرست آج پارلیمان میں پیش

بغداد ۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے اپنی کابینہ میں ردو بدل کیا ہے اور وہ آج جمعرات کو پارلیمان میں اپنی نئی کابینہ کی فہرست منظوری کیلئے پیش کررہے ہیں۔ انھوں نے چھ ہفتہ قبل اپنے موجودہ وزراء کی جگہ آزاد ٹیکنو کریٹس کو کابینہ میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن انھیں اپنے مخالفین کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔انھیں خدشہ ہیکہ اس طرح ان کی سیاسی سرپرستی کا نیٹ ورک کمزور پڑ جائیگا کیونکہ وہ اسی کی بدولت گذشتہ ایک دہے سے دولت کما رہے ہیں اور سیاسی اثرورسوخ اور بالادستی قائم رکھے ہوئے ہیں۔ حیدر العبادی نے بیان میں کہا ہیکہ پارلیمان اپنا ذہن بنائے اور کابینہ میں رد وبدل سمیت اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھائے کیونکہ وہ اور شہری اسی کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ آیا پارلیمان نئی عراقی کابینہ کی منظوری دے گی یا نہیں۔حیدر العبادی نے منگل کو ارکان پارلیمان سے جماعتی سیاست دانوں یا آزاد ٹیکنو کریٹس کو کابینہ میں شامل کرنے رہنمائی کی اپیل کی تھی ۔ اسپیکر سلیم الجبوری نے بیان میں کہا کہ کابینہ کا فیصلہ کرنا وزیراعظم کا کام ہے۔ طاقتور شیعہ لیڈر مقتدیٰ الصدر وزیراعظم پر اصلاحات کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں اور انکا کہنا ہیکہ وہ سیاسی جماعتوں سے وابستگی نہ رکھنے والی شخصیات کو کابینہ میں شامل کریں۔انھوں نے مطالبات منوانے اتوار سے بغداد میں پارلیمان کے نزدیک دھرنا دے رکھا ہے۔ان کے حامیوں نے گذشتہ ہفتہ دارالحکومت کے وسط میں دھرنا دیا تھا جس سے پورے شہر میں کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی تھی۔