عراق کی شاہراہوں پر سعودی عرب مخالف ایرانی مہم

بغداد ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایرانی حکومت دنیا کے کسی بھی حصے میں کہیں اور کسی بھی وقت سعودی عرب کے خلاف سازشوں کے تانے میں مصروف رہتی ہے۔ ان دنوں ایرانی حمایت یافتہ شیعہ ملیشیاؤں نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں سعودی عرب کے خلاف ایک نئی مکروہ مہم شروع کر رکھی ہے۔ بغداد کی سڑکوں کے اطراف میں بڑے بڑے بیانرس اور بورڈ لگائے گئے ہیں جن پر سعودی عرب کے خلاف نازیبا الفاظ ، گالیاں اور ریاض کو بدنام کرنے کے لیے اشتعال انگیزی نعرے تحریر کیے گئے ہیں۔ بغداد کی سڑکوں پر یہ تماشا حشد الشعبی نامی ایران نواز گروپ کی کارستانی ہے جو ماضی میں بھی سعودی عرب دشمنی میں پیش پیش رہی ہے۔ ٹی وی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بغداد میں سعودی عرب مخالف مہم ایران کے سپریم لیڈر کی ریاض کے خلاف اشتعال انگیز بیان بازی کا تسلسل ہے۔ اس سے قبل ایران کے دارالحکومت تہران میں سعودی عرب اور مصر کے خلاف اسی طرح کی مکروہ مہم چلائی گئی تھی۔ تہران کی سڑکوں پر سابق مصری صدر انور سادات کے قاتل خالد لاسلامبولی کی قد آدم تصاویر پرمبنی بورڈ لگائے تھے۔ صرف یہی نہیں بلکہ تہران بلدیہ نے ایک شاہراہ کا نام خالد الاسلامبولی کے نام سے منسوب کردی تھی۔ البتہ کسی عرب ملک میں سعودی عرب کے خلاف ایران کی مجرمانہ مہم کی پہلی بڑی مثال ہے۔