عراق کی جیل میں فساد ‘ 40 قیدی فرار ۔ 36 افراد ہلاک

بغداد 9 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) عراق کے مشرقی علاقہ میں ایک جیل سے 40 قیدیوں نے فرار کی کوشش کی جن میں کچھ افراد دہشت گردی کے تحت سزا پاچکے تھے ۔ فرار کی اس کوشش میں فساد پھوٹ پڑا جس کے نتیجہ میں کم از کم چھ پولیس اہلکار اور 30 قیدی ہلاک ہوگئے ہیں۔ حکام نے آج یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ دیالہ صوبہ میں خالص جیل پر حملہ کے تعلق سے متضاد اطلاعات ہیں ۔ دو صوبائی پولیس عہدیداروں اور ایک میڈیکل عہدیدار نے ہلاکتوں کی تعداد مزید زیادہ بتائی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ فساد میں 51 قیدی اور 12 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ ان عہدیداروں نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بات بتائی ۔ بریگیڈئیر جنرل سعد مان ابراہیم نے بتایا کہ پہلے لڑائی قیدیوں میں شروع ہوئی تھی اور جب گارڈز اس کا پتہ چلانے گئے تو ان پر قابو پالیا گیا اور ان کے ہتھیار چھین لئے گئے ۔ کہا گیا ہے کہ اس جیل میں سینکڑوں قیدی ہیں۔ ابراہیم نے بتایا کہ جو قیدی فرار ہوگئے ہیں ان میں کچھ دہشت گردی کے تحت سزا پاچکے قیدی بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیوریٹی فورسیس کی جانب سے علاقہ کی ناکہ بندی کی جا چکی ہے تاکہ قیدیوں کو فرار کا موقع نہ ملنے پائے ۔